اسلام آباد میں 7 نومبر کے اجتماعات کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے اطراف سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع اور درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق، تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ نمبر 1212/26 درج کیا گیا ہے جس میں قاری افتخار حسین سمیت 200 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، شاہراہوں اور راستوں کی بندش، شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے، پولیس کے فرائض میں مداخلت اور اہلکاروں سے تصادم جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اسی سلسلے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں واقع مسجد فاروقِ اعظم پہنچ کر مولانا فضل الرحمٰن کے سیکریٹری مفتی ابرار احمد کے خلاف وارنٹ کی تعمیل بھی کی ہے۔
اس کارروائی کے حوالے سے ناقدین اور حکومتی حلقوں کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے تاہم سڑکیں بند کر کے عوام کو مشکلات میں ڈالنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تصادم کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے۔
ان حلقوں کا کہنا ہے کہ مذہب یا سیاست کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور یہ مقدمات اس بات کا اظہار ہیں کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے اطراف مشکوک افراد کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر رہائش گاہ کے اطراف سخت چیکنگ جاری ہے اور وہاں آنے جانے والے تمام افراد کی مکمل تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ ان کی شناخت کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔