چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اسے صفِ اول کی بہادر فورس قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور خیبر پختونخوا میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔