فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس امور سے متعلق اپیلوں کی سماعت کا نیا فیس لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے متعلق اپیلیں بالمشافہ کے بجائے آن لائن سنی جائیں گی۔
ایف بی آر نے اس حوالے سے انکم ٹیکس رولز 2002 اور سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترامیم کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔ نئی ترامیم کے تحت اپیلیں ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جبکہ نظام خودکار طور پر فوری کیس نمبر جاری کرے گا۔
نئے نظام کے تحت اپیلوں کی سماعت کے لیے کمشنرز کا انتخاب رینڈم طریقے سے کیا جائے گا اور اپیل سننے والے کمشنر کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ اپیل کنندہ اور اس کے وکیل کو کمشنر کا نام یا شناخت فراہم نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اپیلوں کی سماعت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوگی، جس میں کمشنر کا چہرہ اور اصل آواز ظاہر نہیں کی جائے گی۔ اسی طرح فیصلوں پر کمشنر کا نام، عہدہ اور دستخط بھی ظاہر نہیں ہوں گے۔
اپیل کنندگان کو تحریری دلائل کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جبکہ ٹیکس واجبات کی وصولی روکنے سے متعلق درخواستیں اور اسٹے کی درخواستیں بھی آن لائن دائر کی جا سکیں گی اور ان پر فیصلہ الیکٹرانک طریقے سے کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق فیصلے ڈیجیٹل شناختی نمبر کے ذریعے الیکٹرانک انداز میں متعلقہ فریقین کو بھجوائے جائیں گے۔ نئے نظام کا مقصد ٹیکس اپیلوں کے عمل کو شفاف، غیر جانب دار، تیز اور سہل بنانا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق جس افسر نے کسی کیس کا آڈٹ کیا ہو یا اس پر ابتدائی فیصلہ دیا ہو، وہ اسی کیس کی اپیل کی سماعت نہیں کر سکے گا۔
نئی ترامیم کے تحت سسٹم میں کسی تکنیکی خرابی کی صورت میں مقررہ مدت میں توسیع بھی ممکن ہوگی۔ ایف بی آر کے مطابق نئے قواعد کا اطلاق نیشنل فیس لیس سینٹر کے ذریعے نمٹائی جانے والی اپیلوں پر ہوگا۔