پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لکی مروت میں فتنۃ الخوارج کی دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے قبضے سے بارودی مواد سے بھری گاڑی برآمد کرلی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن کیا، جس میں خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا۔ دہشتگرد کے زیر استعمال گاڑی میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آئی ای ڈی نصب تھی۔
حکام کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور گاڑی سمیت برآمد ہونے والے بارودی مواد کو ناکارہ بنانے اور علاقے کو کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم اس کی حتمی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی کرکے بڑے سانحے کو ناکام بنانے پر لکی مروت پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فتنۃ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنا کر درجنوں قیمتی جانیں بچائیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔