لاہور میں خوشیوں بھرا گھر اچانک سوگ میں بدل گیا۔ بیٹی کی شادی کے لیے امریکا سے پاکستان آنے والے 55 سالہ تاجر سہیل انجم ججہ اپنے ہی خاندان میں ہونے والے مالی جھگڑے کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ان کے سگے بھائی پر حملے کا الزام ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ افسوس ناک واقعہ لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آیا۔ سہیل انجم ججہ کچھ عرصہ قبل اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے وطن واپس پہنچے تھے۔ 30 اکتوبر کو شادی کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد وہ مزید کچھ دن پاکستان میں مقیم تھے تاہم اسی دوران بھائیوں کے درمیان پیسوں کے معاملے پر اختلافات بڑھ گئے۔
پولیس کے مطابق تنازع اس وقت سنگین صورت اختیار کرگیا جب جمشید انجم ججہ نے مبینہ طور پر اپنے دو بھائیوں سہیل انجم ججہ اور نفیس انجم ججہ پر حملہ کردیا۔ دونوں شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں سہیل انجم ججہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
دوسری جانب زخمی ہونے والے نفیس انجم ججہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوہنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم جمشید انجم ججہ کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں قتل کی وجہ مالی تنازع بتائی گئی ہے تاہم جھگڑے کی مکمل تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔