پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں امن و امان کی کسی بھی امکانی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں 22 اور 29 نومبر کو قوم پرست جماعتوں اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نکالی جانے والی ریلیوں کو ملتوی کرانے کے لیے متعلقہ رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے اس مقصد کے لیے قائم کردہ 4 رکنی رابطہ کمیٹی کے سربراہ اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی، ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، قوم پرست رہنما ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے بات چیت کی ہے۔
نثار کھوڑو کے مطابق ان کی سربراہی میں جنرل سیکریٹری وقار مہدی، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ پر مشتمل کمیٹی ڈاکٹر قادر مگسی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ملاقاتیں کرے گی اور ان سے باضابطہ طور پر ریلیاں ملتوی کرنے کی اپیل کرے گی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ 22 نومبر کو جئے سندھ رہبر کمیٹی اور 29 نومبر کو ایس ٹی پی اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی میں اعلانیہ ریلیوں کے پیش نظر تصادم اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے، جس کا فائدہ شرپسند عناصر اٹھا سکتے ہیں، اس لیے اپیل کی جاتی ہے کہ ان ریلیوں کو ملتوی کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرکے آئینی طور پر سندھ میں نئے صوبے کا راستہ بند کرچکی ہے اور اس قرارداد کے بعد اب ریفرنڈم بھی نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کا فیصلہ ہے کہ انہیں نیا صوبہ اور ریفرنڈم نہیں چاہیے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ ریلیوں کے دوران شرپسند عناصر حالات خراب کر کے سندھ میں فسادات کی صورتحال پیدا کریں، اس لیے تمام قوم پرست اور سیاسی رہنماؤں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی اعلانیہ ریلیوں کو ملتوی کریں تاکہ مل کر سندھ کے امن کے خلاف سازشی عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔