کراچی: لانڈھی میں گھریلو تنازع پر شوہر نے بیوی اور سالے کو قتل کرکے خودکشی کرلی

image

کراچی کے علاقے لانڈھی میں تھانہ قائدآباد کی حدود اولڈ مظفرآباد کالونی، نزد گلزارِ مدینہ مسجد، روڈ نمبر 1 گلی نمبر 11 میں واقع ایک گھر کے اندر گھریلو تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں میاں بیوی اور سالے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ناصر احمد ولد مقبول احمد اپنے سسرال پہنچا اور وہاں موجود اپنی بیوی اسماء اور سالے محمد احسن ولد محمد عارف پر فائرنگ کر دی، جس کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ اسماء کی شادی 15 سال قبل ناصر احمد سے ہوئی تھی تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی اور علیحدگی چل رہی تھی، جس کے باعث خاتون اپنے والدین کے گھر مقیم تھی اور اس نے خلع کے حصول کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور گھر سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی و ضابطے کی کارروائی کے لیے تینوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US