’لاہوری زیرہ‘ انڈیا میں کولا کمپنیوں کے لیے چیلنج کیسے بنا؟

زیرے والے مشروبات کا یہ بڑھتا ہوا رجحان انڈیا کی غیر الکحل مشروبات کی صنعت کو نئی شکل دے رہا ہے۔ 2024 میں اس مارکیٹ کا حجم 32 ارب ڈالر تھا اور ماہرین کے مطابق 2033 تک اس کے تقریباً دوگنا ہونے کی توقع ہے۔
ایک دکاندار کے فریج میں لاہوری زیرہ برانڈ کے زیرہ ذائقے والے سافٹ ڈرنک کی دو بوتلوں کی تصویر۔
Chitral Khambhati/BBC
ایک دکاندار کے فریج میں لاہوری زیرہ برانڈ کے زیرہ ذائقے والے سافٹ ڈرنک کی دو بوتلوں کی تصویر۔

یہ سب ایک اچانک کیے گئے گھریلو تجربے سے شروع ہوا۔

انڈیا کی شمال مغربی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین کزن، سوربھ منجل، نکھیل ڈوڈا اور سوربھ بھوتنا، ایک شام کھانے کے بعد گھر میں وقت گزار رہے تھے کہ ڈوڈا نے گھر میں موجود عام اجزا سے زیرے کے ذائقے والا ایک کھٹا میٹھا فِزی مشروب تیار کر لیا۔

اس مشروب کا مٹیالا اور تیکھا ذائقہ انھیں اتنا پسند آیا کہ انھوں نے اسے تجارتی بنیادوں پر فروخت کرنے کے امکانات پر غور شروع کر دیا۔

اس سے قبل انڈیا میں زیرے والے مشروبات سڑک کنارے ٹھیلوں اور مقامی دکانوں پر فروخت تو ہوتے تھے، لیکن اس شعبے میں کوئی مضبوط قومی برانڈ موجود نہیں تھا۔ زیادہ تر کمپنیاں اس ذائقے کو باقاعدہ کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنک کی شکل میں مارکیٹ نہیں کر رہی تھیں۔

تینوں کزنز نے اپنے خاندانوں کو سرمایہ کاری پر آمادہ کیا اور 2017 میں ’لاہوری زیرہ‘ کے نام سے اپنا مشروب متعارف کرا دیا۔ تقریباً ایک دہائی بعد یہ برانڈ انڈیا کے مشروبات کے شعبے میں ایک نمایاں نام بن چکا ہے اور عالمی کولا کمپنیوں کی اجارہ داری کو چیلنج کر رہا ہے، خاص طور پر دس روپے کی بوتلوں والی عوامی مارکیٹ میں۔

رواں سال کمپنی کی آمدنی 11 کروڑ 50 لاکھ سے 12 کروڑ ڈالر کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس کی کامیابی اس رجحان کی عکاس ہے جس میں صارفین روایتی اور مقامی ذائقوں والے مشروبات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بعض خریدار زیرے والے مشروبات کو عام کولا ڈرنکس کے مقابلے میں نسبتاً بہتر انتخاب بھی سمجھتے ہیں۔

لاہوری زیرہ ان کئی برانڈز میں سے ایک ہے جنھوں نے گذشتہ ایک دہائی کے دوران تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے۔ ان میں ممبئی کی ایک کمپنی کا ’جیرو‘، مکیش امبانی کی ملکیت کیمپا کولا کا ’کیمپا جیرہ‘ اور دیگر علاقائی برانڈز شامل ہیں۔ ان مشروبات کی متعدد اقسام اب ملک بھر میں دستیاب ہیں۔

ایک اور معروف کمپنی نے تقریباً 25 برس پہلے زیرے کے ذائقے والا فِزی مشروب متعارف کرایا تھا، لیکن کمپنی کی ڈائریکٹر میگھا شنکر کے مطابق چند سال قبل تک اس کی فروخت میں نمایاں اضافہ نہیں دیکھا گیا تھا۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اب یہ کاربونیٹڈ مشروبات کی صنعت کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا شعبہ بن چکا ہے۔‘ ان کے مطابق گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدنی میں زیرے والے مشروبات کا حصہ 20 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

طلب میں تیزی سے اضافے کے باعث کمپنی کو اپنی مصنوعات پورے انڈیا میں متعارف کرانا پڑیں، حالانکہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اس کا کاروبار زیادہ تر جنوبی انڈیا تک محدود تھا۔

انڈیا کے قدیم صارف برانڈز میں شمار ہونے والی ایک بڑی کمپنی نے بھی گذشتہ سال اپنا زیرے والا مشروب قومی سطح پر متعارف کرایا، حالانکہ یہ مصنوعات 2012 سے صرف دیہی علاقوں میں فروخت کی جا رہی تھیں۔

دوسری جانب ایک آن لائن ڈیلیوری کمپنی کی رپورٹ کے مطابق موسمِ گرما کے دوران زیرے والے فِزی مشروبات کے آن لائن آرڈرز میں 900 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ روایتی ذائقوں پر مشتمل یہ مشروبات انڈیا میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور کولا کمپنیوں کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔

سفید پس منظر پر زیرے کے بیجوں کا ڈھیر
Getty Images
سفید پس منظر پر زیرے کے بیجوں کا ڈھیر

زیرے والے مشروبات کا یہ بڑھتا ہوا رجحان انڈیا کی غیر الکحل مشروبات کی صنعت کو نئی شکل دے رہا ہے۔ 2024 میں اس مارکیٹ کا حجم 32 ارب ڈالر تھا اور ماہرین کے مطابق 2033 تک اس کے تقریباً دگنا ہونے کی توقع ہے۔

رواں سال کے آغاز میں سرمایہ کاری ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہوری زیرہ، کیمپا جیرہ اور دیگر مقامی برانڈز، جنھیں اب مجموعی طور پر ’ایتھنک بیوریجز‘ یا روایتی ذائقوں والے مشروبات کی مارکیٹ کہا جاتا ہے، تیزی سے اپنا حصہ بڑھا رہے ہیں۔

ستمبر 2025 تک ان برانڈز کا مشترکہ مارکیٹ شیئر انڈیا کی کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنک مارکیٹ میں تقریباً 15 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ کوکا کولا اور پیپسی جیسے عالمی برانڈز کا مشترکہ حصہ 93 فیصد سے کم ہو کر 85 فیصد رہ گیا۔

رپورٹ میں اس تبدیلی کو مشروبات کی صنعت کے لیے ’جیو لمحہ‘ قرار دیا گیا ہے۔ یہ اشارہ 2016 میں جیو کی انٹری کے بعد انڈیا کی ٹیلی کام مارکیٹ میں آنے والی بڑی تبدیلی کی جانب ہے، جب سستے ڈیٹا پیکجز نے کئی بڑی کمپنیوں کا مارکیٹ شیئر کم کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر دو بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری میں سالانہ ایک یا دو فیصد کمی بھی غیر معمولی سمجھی جاتی ہے، لیکن ایک سال سے بھی کم عرصے میں آٹھ فیصد کی تبدیلی اس بات کا اشارہ ہے کہ مارکیٹ میں بنیادی نوعیت کی تبدیلی آ رہی ہے۔

لاہوری زیرہ بنانے والی کمپنی آرچیان فوڈز کے چیف ایگزیکٹو سوربھ منجل کے مطابق کمپنی کو طلب پوری کرنے میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری صورتحال ہمیشہ ایسی رہی ہے کہ ہر سال سارا سٹاک فروخت ہو جاتا ہے۔ گذشتہ سال ہم نے اپنی پیداواری صلاحیت بڑھا کر روزانہ 12 لاکھ بوتلیں کر دی، لیکن اس کے باوجود طلب پوری نہیں ہو رہی۔‘

کئی دہائیوں تک کولا مشروبات انڈیا کی سافٹ ڈرنک مارکیٹ پر حاوی رہے۔ ان مشروبات کو جدید طرزِ زندگی، مغربی ثقافت اور شہری شناخت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا تھا۔ بالی وڈ ستاروں، کرکٹ اور مہنگی اشتہاری مہمات کے ذریعے ان برانڈز نے صارفین میں اپنی مضبوط موجودگی قائم کی۔

تاہم اب منظرنامہ بدل رہا ہے۔ مقامی برانڈز کم قیمت، بہتر تقسیم اور دیسی ذائقوں کے ذریعے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ زیرہ، کچا آم، کوکم اور املی جیسے روایتی ذائقے نئی نسل میں بھی مقبول ہو رہے ہیں۔

سوربھ منجل کے مطابق طویل عرصے تک انڈیا میں صارفین کی مصنوعات یا تو مقامی اشیا کو مغربی انداز میں پیش کرتی رہیں یا مغربی مصنوعات کو مقامی رنگ دینے کی کوشش کرتی رہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاہوری زیرہ، جس کا نعرہ ’اپنا دیسی ٹھنڈا‘ ہے، اس سوچ کو بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب صنعت سے وابستہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ صارفین کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد کم چینی اور نسبتاً صحت بخش مشروبات کی تلاش میں بھی ہے۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض برانڈز نے اپنے زیرے والے مشروبات کے بغیر چینی والے ورژن بھی متعارف کروا دیے ہیں تاکہ صحت کے حوالے سے باشعور صارفین کو راغب کیا جا سکے۔

ترواننت پورم کی ایک دکان پر کوکا کولا اور پیپسی کے سائن آویزاں ہیں
NurPhoto via Getty Images
ترواننت پورم کی ایک دکان پر کوکا کولا اور پیپسی کے سائن آویزاں ہیں

تاہم اس کامیابی کے باوجود ماہرین کا خیال ہے کہ مقامی ذائقوں والے ان مشروبات کے لیے اپنی موجودہ رفتار برقرار رکھنا آسان نہیں ہوگا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جن عوامل نے ان برانڈز کی تیز رفتار ترقی میں اہم کردار ادا کیا، وہی مستقبل میں ان کی توسیع کی راہ میں رکاوٹ بھی بن سکتے ہیں۔

ممبئی کے ایس پی جین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سے وابستہ پروفیسر راجیو اگروال، جو خاندانی کاروباروں کو کثیرالقومی کمپنیوں کے مقابلے میں حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے مشورے دیتے ہیں، کہتے ہیں کہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ زیرے کے ذائقے والے مشروبات کی منڈی آخر کتنی بڑی ہو سکتی ہے۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ مارکیٹ کولا مشروبات جتنی بڑی نہیں بن سکے گی۔‘ ایک اور چیلنج قیمت کا ہے۔ انڈیا میں زیرے والے کاربونیٹڈ مشروبات کی زیادہ تر فروخت دس روپے والی بوتلوں سے ہوتی ہے۔ اگرچہ کم قیمت نے فروخت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن خام مال کی بڑھتی لاگت اس کاروباری ماڈل پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پلاسٹک، پیکجنگ، چینی اور دیگر اجزا مہنگے ہو چکے ہیں، جبکہ ان مصنوعات پر منافع کا مارجن پہلے ہی محدود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کمپنیاں قیمتیں بڑھاتی ہیں تو طلب متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ متبادل کے طور پر انھیں بوتلوں کا حجم کم کرنا پڑ سکتا ہے، جیسا کہ چند سال قبل بڑی کولا کمپنیوں نے کیا تھا۔

مقامی برانڈز کے لیے ایک اور خطرہ بڑی اور مالی طور پر مستحکم کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں بڑھتی دلچسپی بھی ہے۔ راجیو اگروال کے مطابق مقابلہ انتہائی سخت ہے کیونکہ عالمی کمپنیاں اپنے تقسیمی نیٹ ورک، پیداواری نظام اور بوٹلنگ کے انتظامات کے حوالے سے کہیں زیادہ منظم اور مضبوط ہیں۔

کوکا کولا پہلے ہی زیرے کے ذائقے والے اپنے برانڈ رم جھم کے ذریعے اس شعبے میں موجود ہے اور اطلاعات کے مطابق اس نے گذشتہ سال اس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

تاہم، مقامی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ ان چیلنجز کے باوجود اپنے مستقبل کے حوالے سے پُرامید ہیں۔

لاہوری زیرہ بنانے والی کمپنی کے شریک بانی سوربھ منجل کا کہنا ہے کہ انڈین ذائقوں کو عالمی سطح پر جگہ ملنی چاہیے اور وہ اپنے برانڈ کو بین الاقوامی منڈیوں تک لے جانے کے خواہش مند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نسلوں سے لوگ دنیا کے کولا مشروبات پیتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں، لیکن مجھے امید ہے کہ آنے والی نسلیں انڈیا کے زیرے والے مشروبات کو ترجیح دیں گی۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US