کراچی: پولیس وردی میں ملبوس ملزمان کی دو وارداتیں، غیر ملکی کرنسی، سونا اور پاسپورٹ لوٹ لیے

image

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس وردی میں ملبوس تین ملزمان نے دو الگ الگ کارروائیوں میں شہریوں اور ایئرپورٹ سے گھر جانے والے ایک خاندان کو لوٹ لیا۔

پہلا واقعہ تھانہ عزیز بھٹی کی حدود گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں سوار پولیس وردی میں ملبوس تین ملزمان نے خود کو سی آئی اے اہلکار ظاہر کر کے ایک شہری کی گاڑی روکی۔

ملزمان تلاشی کے بہانے شہری سے چھ سے سات لاکھ روپے مالیت کا سونے کا سامان، موبائل فون اور پاسپورٹ چھین کر فرار ہوگئے۔

دوسری واردات تھانہ ٹیپو سلطان کی حدود بلوچ کالونی پل کے قریب اس وقت پیش آئی جب ایک خاندان ایئرپورٹ سے صدر کی جانب جا رہا تھا۔

سفید رنگ کی سوک گاڑی میں سوار پولیس وردی میں ملبوس تین ملزمان نے خاندان کی گاڑی روکی اور ان سے تین ہزار امریکی ڈالر، تین ہزار ترک لیرا اور پاکستانی کرنسی لوٹ لی۔

ملزمان فرار ہوتے ہوئے متاثرین کے گرین اور بلیو پاسپورٹس سمیت شہری کے بھائی کا موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی کے آغاز کے لیے متاثرہ خاتون کو تھانے آنے کی ہدایت کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US