کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر کے اندر سے ہاتھ پیر بندھی اور گلا کٹی لاش برآمد ہونے کے سنسنی خیز واقعے کا معمہ حل ہوگیا ہے۔
تھانہ اورنگی ٹاؤن پولیس نے مقتول کے چچا زاد بھائی مدثر کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقتول کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے جس کا آبائی تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے تھا اور وہ گزشتہ 8 برس سے کراچی کی جامع کلاتھ مارکیٹ میں درزی کا کام کر کے اپنے کارخانے کے مالک کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔
درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول ابوبکر کے اورنگی ٹاؤن کی رہائشی فوزیہ نامی شادی شدہ خاتون کے ساتھ مراسم تھے جن کا علم خاتون کے شوہر یٰسین کو ہوگیا تھا۔
مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم یٰسین نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ فوزیہ کے ذریعے فون کروا کے ابوبکر کو اپنے گھر بلوایا اور جیسے ہی مقتول وہاں پہنچا تو ملزم نے اپنی بیوی کی مدد سے اسے بے دردی سے قتل کردیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کی اہلیہ فوزیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واردات انجام دے کر روپوش ہونے والے مرکزی ملزم یٰسین کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔