کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے کے قریب فقیرا گوٹھ (خادم سولنگی گوٹھ) میں ملتان سے آنے والی پنجاب پولیس کی ٹیم کے خفیہ آپریشن کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 35 سالہ حمزہ نامی سادہ لباس شہری جاں بحق جبکہ پنجاب پولیس کا اے ایس آئی اصغر زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملتان پولیس کی ٹیم مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے کراچی پہنچی تھی، تاہم مقامی پولیس کو اس کارروائی سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی متعلقہ تھانے میں آپریشن کی کوئی انٹری کرائی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی اصغر کو ٹانگ میں گولی لگی جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ضلع شرقی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔