تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے، ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں، بیرسٹر علی ظفر

image

سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے اور صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے بھی حق میں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ ریفرنڈم کے بعد نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار طے کیا جانا چاہیے، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد اس پر پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے ساتھ ممکنہ اتحاد کے لیے تین شرائط رکھی ہیں، جن میں مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس کرنا، خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ اور پیپلزپارٹی کا پارلیمنٹ و سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنا شامل ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی تینوں شرائط تسلیم کر لیتی ہے تو پھر ہمیں یقین ہوگا کہ یہ کوئی ’’نورا کشتی‘‘ نہیں ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے توبہ کرلی ہے تو پھر ہماری شرائط تسلیم کریں، بلاول بھٹو کے بارے میں صرف اتنا کہوں گا کہ بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US