صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 406 تک پہنچ گیا جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح 500 کی انتہائی حد تک ریکارڈ کی گئی۔
ایک ہی روز کے دوران لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں 99 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ شاہدرہ، کاہنہ نو، ملتان روڈ، گلبرگ تھری، سفاری پارک اور جی ٹی روڈ لاہور میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برکی روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 458 رہی۔
ڈی ایچ اے فیز سکس میں اے کیو آئی 386 اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 377 ریکارڈ کیا گیا، تاہم واہگہ بارڈر پر صورتحال نسبتاً بہتر رہی جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 220 ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر میں ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔