وفاقی حکومت نے ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا، جس کے ذریعے عالمی سطح پر گندم سپلائرز سے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے مطابق گندم کی درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ ٹینڈر میں حصہ لینے والے عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی پیشکش دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹینڈر کی شرائط کے تحت بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد نہیں کی جاسکے گی جبکہ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔
دستاویزات کے مطابق بولی میں حصہ لینے والے سپلائرز کے پاس کم از کم پانچ سال کا گندم برآمد کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے، جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔
درآمد کی جانے والی گندم 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے۔ گندم میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کم از کم 23 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گندم مسترد کردی جائے گی، جبکہ کنٹریکٹ کا فیصلہ مجموعی کم ترین لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ٹی سی پی کے مطابق گندم کی ترسیل دو مرحلوں میں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے درمیان پاکستان روانہ کرنا ہوگی، جبکہ مزید 4 لاکھ ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔
ٹینڈر کی شرائط کے مطابق مکمل 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا۔ مقررہ مدت میں گندم فراہم نہ کرنے کی صورت میں سپلائر پر ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ عائد کیا جائے گا۔