وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت گوادر پورٹ اتھارٹی کا پری بورڈ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوادر میں میری ٹائم انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سمیت بحری شعبے میں فنی تعلیم اور تربیت کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر میں پاک چین تعاون سے میری ٹائم انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائے گا، جہاں میرین انجینئرنگ اور جہاز رانی کی جدید ٹیکنالوجی پڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے گوادر میں جدید بحری تکنیکی تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فنی تعلیم کو بحری صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، اس مقصد کے لیے گوادر میں ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے گی۔ فنی تعلیم کے فروغ کے لیے چینی کالج کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میری ٹائم انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے گوادر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید فنی تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بحری صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔