نئے صوبوں کے قیام پر پارلیمنٹ میں کھل کر بحث ہونی چاہیے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

image

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کھل کر بحث کرنی چاہیے، کیونکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی عوام اور ریاست کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وسائل کی غیر مساوی تقسیم سے عوام میں محرومی اور احساسِ تفاوت بڑھ رہا ہے، شہریوں کو ان کا جائز حق اور حصہ ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کا معاملہ صرف انتظامی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ عوام کی ریاست میں شمولیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے بھی جڑا ہوا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبائی حدود میں تبدیلی دو الگ معاملات ہیں، آئین میں ایسی کوئی ممانعت نہیں کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوام سے رائے نہ لی جا سکے۔ پارلیمنٹ یہ فیصلہ کر سکتی ہے کہ ریفرنڈم کن سوالات اور کن علاقوں میں کرایا جائے۔

ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صرف صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012 میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قراردادیں کیوں منظور کی گئی تھیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے مؤقف پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نئے صوبے کی مخالفت اور پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت کی منطق واضح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر بحث اپوزیشن کا آئینی حق ہے، اس موضوع کو ایوان میں زیر بحث آنا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف اور اس کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنی چاہئیں۔

ریفرنڈم سے متعلق اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے دو ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں ہوئے، تاہم موجودہ دور میں ریفرنڈم پارلیمنٹ کے ذریعے سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا تصور آئین کے وجود میں آنے کے وقت سے موجود ہے اور آئین میں اس کے انعقاد کا طریقہ کار بھی درج ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US