وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں جو پنجاب ورثے میں ملا، وہ جادو ٹونے کے سہارے چلایا جا رہا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے صوبے کو اس طرزِ حکمرانی سے نکال کر جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پنجاب آج تمام صوبوں میں ٹرینڈ میکر بن چکا ہے اور اسے دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے۔
پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے باعث صوبے بھر میں نمایاں بہتری نظر آ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ کی فراہمی سے انہیں ڈیجیٹل تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی، نوجوانوں پر سرمایہ کاری دراصل ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں، ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حکومت پنجاب نوجوان نسل کو تعلیمی مواقع اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔