اسلام آباد میں سوشل میڈیا، ڈیپ فیک اور ڈیجیٹل خودمختاری پر عالمی سیمینار

image

اسلام آباد میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (SDPI) کے زیر اہتمام ”سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور پوسٹ ٹروتھ کا دور“ کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، صحافیوں، ماہرین، پالیسی سازوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات، غلط اور گمراہ کن معلومات، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، ہائبرڈ جنگ، نفرت انگیز مواد اور ڈیجیٹل دنیا میں ضابطہ بندی سمیت مختلف اہم امور پر اظہار خیال کیا۔

سیمینار کی میزبانی اور افتتاحی کارروائی صحافی مس تانیا فرانسس نے انجام دی، جبکہ ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقیوم سلہری نے خیرمقدمی کلمات ادا کیے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سیمینار سے کلیدی خطاب کیا۔

سیمینار میں آزادیٔ اظہارِ رائے اور غلط معلومات کے درمیان فرق، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمہ داری، ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے گمراہ کن مواد کی تیاری، سائبر کرائم، رازداری، شفافیت، احتساب اور مواد کی نگرانی جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی کو انتہائی آسان بنا دیا ہے تاہم اس کے ساتھ غلط اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ، نفرت انگیز تقریر، کلک بیٹ، جعلی اکاؤنٹس، بوٹس، ٹرول فارمز اور معاشرتی پولرائزیشن جیسے چیلنجز بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں میڈیا خواندگی اور حقائق کی جانچ پڑتال کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

سینئر صحافی سید طلعت حسین نے بطور Moderator اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ پینل ڈسکشن میں عطا اللہ تارڑ، شرجیل انعام میمن اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ پینل میں سوشل میڈیا کے ذریعے بیانیہ سازی، اثرانداز افراد (Influencers)، عوامی رائے پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے اثرات اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سیمینار کے ایک اہم سیشن میں عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مقامی قوانین کے باہمی تعلق پر بھی بحث ہوئی۔ اس سیشن کی میزبانی فہد حسین نے کی، جبکہ شیزا فاطمہ خواجہ، تانیا فرانسس، دانیا مختار اور دیگر شرکاء نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے مؤثر قانونی و انتظامی فریم ورک، ڈیجیٹل حقوق، اظہارِ رائے اور قومی قوانین کے درمیان توازن پر اظہار خیال کیا۔

شرکاء نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے حوالے سے قانون سازی کا مقصد آزادیٔ اظہار کو محدود کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ، غلط معلومات کی روک تھام، سائبر جرائم کے سدباب، شفافیت اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔

سیمینار کے اختتامی سیشن میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اظہار خیال کیا، جبکہ سیشن کی میزبانی محمد عمر چیمہ نے کی۔ اختتامی سیشن میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

سیمینار میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سوشل میڈیا اب محض رابطے اور معلومات کے تبادلے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ قومی سلامتی، عوامی نظم و ضبط، سیاسی و سماجی رویوں، بیانیہ سازی اور رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہائبرڈ جنگ کے موجودہ دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے جھوٹی معلومات اور منظم پروپیگنڈے کا پھیلاؤ ایک سنجیدہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے ریاست، میڈیا، ٹیکنالوجی کمپنیوں، تعلیمی اداروں اور عوام کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ میڈیا خواندگی، حقائق کی جانچ پڑتال، ڈیجیٹل اخلاقیات، سائبر سیکیورٹی اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا استعمال کو فروغ دے کر ہی پوسٹ ٹروتھ کے دور میں معاشرے کو گمراہ کن معلومات اور منفی ڈیجیٹل اثرات سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US