سندھ اسمبلی نے صوبے بھر میں طلبہ یونین کے انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے، جو جماعت اسلامی کے رکنِ اسمبلی محمد فاروق کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی تھی۔
قرارداد پیش کرتے ہوئے رکنِ سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہا کہ طلبہ یونینز کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی نرسری اور مستقبل کی قومی قیادت کی تیاری کا ایک اہم ادارہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ یونینز طلبہ کی مؤثر نمائندگی کا آئینی اور جمہوری حق ہیں، اور وہ سندھ میں طلبہ یونینز کی بحالی کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں جو جمہوری حقوق کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔
محمد فاروق نے نشاندہی کی کہ بحالی کے باوجود تاحال سرکاری و نجی جامعات میں انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محض قانونی اعلان کافی نہیں بلکہ طلبہ کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا عملی حق دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ سندھ تمام سرکاری و نجی جامعات اور کالجز میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کی تاریخوں کا فوری اعلان کرے اور صوبے بھر میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔