ایران میں حجاب کے بغیر پرفارم کرنے والی گلوکارہ کو 74 کوڑے مارنے کی سزا پر عملدرآمد

ایران کی اپیل کورٹ نے گلوکارہ پرستو احمدی کو سنائی گئی 74 کوڑوں کی سزا برقرار رکھی ہے۔ معروف موسیقار حسین علیزادہ نے کہا کہ وہ ’پرستو احمدی کی جگہ کوڑوں کی سزا قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

ایران میں ایک معروف گلوکارہ پرستو احمدی کے وکلا کا کہنا ہے کہ انھیں، ان کے بینڈ کے دیگر ارکان اور پروڈکشن ٹیم کو ایرانی حکام کی جانب سے کوڑے مارے گئے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے وکلا ٹیم کے ایک رکن نے کہا کہ پرستو احمدی، تین موسیقاروں اور ایک پروڈیوسر کو شہر قم میں 74، 74 کوڑے مارے گئے ہیں۔

29 سالہ احمدی نے دسمبر 2024 میں ایک کنسرٹ کے دوران بغیر آستینوں والا لباس پہن رکھا تھا جسے براہِ راست نشر کیا گیا تھا۔ ایرانی قانون میں خواتین کی عوامی پرفارمنس پر پابندی عائد ہے اور ان کے لیے سر ڈھانپنا اور جسم ڈھانپنے والے لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رواں سال جون میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے احمدی اور دیگر آٹھ افراد کو ’فحش اور غیر اخلاقی مواد‘ کے ذریعے ’عوامی جذبات مجروح کرنے‘ کا مجرم قرار دیا تھا۔ مگر ملزمان اس کی تردید کرتے ہیں۔

74 کوڑوں کی سزا کے علاوہ ان پر دو برس کے لیے آڈیو ویژول سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

ان کے وکلا کے مطابق ستمبر کے آخر میں قم کی ایک عدالت نے ملزمان کی اپیل مسترد کر دی تھی اور سزا برقرار رکھی تھی۔

دیگر ایرانی فنکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے ان سزاؤں کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوڑے مارنے کی سزا ظالمانہ، غیر انسانی اور تذلیل آمیز ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

’ہم نے کوڑے مارنے کی سزا پر عملدرآمد رکوانے کی بہت کوشش کی‘

پیر کے روز ملزمان کے ایک وکیل نے بی بی سی کو بتایا کہ احمدی اور چار مرد ملزمان کو قم میں تعزیرات کے نفاذ کے دفتر کی تیسری شاخ میں کوڑے مارے گئے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہم نے فیصلے کو کالعدم قرار دلوانے یا کم از کم سزا میں کمی یا معطلی حاصل کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کی، لیکن ہم کامیاب نہ ہو سکے۔‘

’میں اور دیگر وکلا نے سزا پر عمل درآمد مؤخر کرانے کی بھی کوشش کی، لیکن عمل درآمد کرنے والی شاخ نے اسے فوری طور پر نافذ کرنے پر اصرار کیا۔‘

اصلاحات کے حامی روزنامے اعتماد نے ایک اور وکیل مصطفیٰ نیلی کے حوالے سے بتایا کہ احمدی کے ساتھ کوڑے کھانے والے چار مردوں میں سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیرعلی پیرنیا اور محسن لشکری شامل تھے۔

امریکہ میں قائم سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران (سی ایچ آر آئی) میں ایڈووکیسی کی ڈائریکٹر بہار قندہاری نے کہا: ’پرستو احمدی کو ان کے گانے اور اپنی پسند کا لباس پہننے پر کوڑے مارنا ان کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ اس بات کا خوفناک مظاہرہ ہے کہ ایرانی حکام خواتین کی آزادیوں کو دبانے اور امتیازی قوانین اور پالیسیوں کو چیلنج کرنے کی جرات کرنے والوں کو پُرتشدد انداز میں سزا دینے کے لیے کس قدر پرعزم ہیں۔‘

ایرانی قانون کے تحت بلوغت کی عمر سے بڑی خواتین اور لڑکیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ حجاب کے ذریعے اپنے بال ڈھانپیں اور ڈھیلے ڈھالے، لمبے لباس پہنیں تاکہ جسمانی ساخت نمایاں نہ ہو۔

2022 میں 22 سالہ کرد خاتون مہسا امینی کی حراست میں ہلاکت کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران میں احتجاجی مظاہروں کی لہر دوڑ گئی تھی۔ انھیں اسی سال ستمبر میں تہران میں اخلاقی پولیس نے مبینہ طور پر ’غلط طریقے سے‘ حجاب پہننے پر حراست میں لیا تھا۔

ملک گیر مظاہروں کے دوران خواتین نے اپنے سر کے اسکارف نذرِ آتش کیے یا انھیں ہوا میں لہرایا۔ یہ احتجاج مذہبی قیادت کے نظام کے خلاف تھا۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔

اس کے بعد سے بہت سی خواتین اور لڑکیوں نے لباس کے ضابطے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی مقامات پر بال ڈھانپنا مکمل طور پر چھوڑ دیا ہے۔ حکام نے اس کے جواب میں وقتاً فوقتاً گرفتاریاں، انتباہات، کاروباروں کی بندش اور دیگر اقدامات کیے ہیں۔

رواں سال جنوری میں ملک کے معاشی بحران سے شروع ہونے والے حکومت مخالف بڑے پیمانے کے ایک اور احتجاجی سلسلے کو سکیورٹی فورسز نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور دسیوں ہزار گرفتار ہوئے۔

فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے حکام نے مظاہرین کے خلاف سزائے موت کے استعمال میں شدت پیدا کر دی ہے۔

ناروے میں قائم گروپ ایران ہیومن رائٹس کے مطابق جنوری کے احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں سزا پانے والے کم از کم 39 مردوں اور 2022 کے احتجاج سے متعلق سزا پانے والے دو افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ کالعدم اپوزیشن گروپوں سے مبینہ وابستگی رکھنے والے 16 افراد اور جاسوسی یا غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ تعاون کے جرم میں سزا پانے والے 17 افراد کو بھی پھانسی دی گئی ہے۔

گروپ کے مطابق جنوری میں گرفتار کیے گئے مزید 121 مظاہرین، جن میں چھ خواتین اور پانچ کم عمر مجرم بھی شامل ہیں، کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے اور انھیں فوری طور پر پھانسی دیے جانے کا خطرہ لاحق ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US