انڈیا میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ورکرز، تکنیکی ماہرین اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم تنظیم آل انڈین سینے ورکز ایسوسی ایشننے انڈین وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی انڈیا میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کی پہلی اوریجنل سیریز’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی اگلے ماہ نیٹ فلکس پر ریلیز کو مقامی انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ لیکن انڈیا میں اس سیریز کی ریلیز پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
چار دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی یہ سیریز دنیا کے 191 ممالک میں دستیاب ہوگی اور اسے متعدد زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے۔ ایم ڈی فلمز کے بینر تلے بننے والی اس سیریز کی کہانی معروف ناول نگار فرحت اشتیاق نے لکھی ہے، جبکہ اسے مومنہ درید نے تخلیق اور ہدایت کاری کی ہے۔
ممکنہ طور پر 13 اقساط پر مشتمل اس سیریز کے پہلے حصے میں پانچ اقساط شامل ہیں۔ اس کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔ تاہم اس کی عالمی ریلیز کے ساتھ ایک سوال بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے: کیا نیٹ فلکس پر موجودگی پاکستانی ڈراموں کو نئے ناظرین تک پہنچانے کے ساتھ مقامی انڈسٹری کے کام کرنے کا انداز بھی تبدیل کر سکتی ہے؟
پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق نے سنہ 2013 میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے نام سے ناول لکھا تھا۔
اس کی کہانی بنیادی طور پر سکندر (احد رضا میر) اور لیزا (اقرا عزیز) کے گرد گھومتی ہے۔ سکندر ہارورڈ میں قانون کا طالب علم ہے جو اپنے ماضی سے تنگ آکر اٹلی کے شہر روم چلا جاتا ہے جہاں اس کی ملاقاتلیزا نامی مصورہ سے ہوتی ہے، جس کی اپنی زندگی بھی کئی پیچیدگیوں کا شکار ہے۔
اٹلی میں دونوں کی ملاقات ان کی زندگیوں کو ایک غیر متوقع سمت میں لے جاتی ہے، ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرامے کو روم کے ساتھ ساتھ کراچی، سکردو اور لندن جیسے شہروں میں بھی شوٹ کیا گیا ہے، جہاں مختلف کرداروں اور نسلوں کی زندگیوں کے ذریعے محبت، رشتوں اور انسانی تعلقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔
سیریز کا نام اور اس کا بنیادی خیال فیض احمد فیض کی نظم سے متاثر ہے۔ اس حوالے سے کہانی صرف رومانوی تعلقات تک محدود نہیں رہتی بلکہ ان یادوں، رشتوں اور تجربات کو بھی موضوع بناتی ہے جنہیں انسان اپنی زندگی میں سمیٹتا رہتا ہے۔
پاکستانی اداکاروں کی بڑی کاسٹ
اس سیریز کی ایک نمایاں خصوصیت اس کی بڑی کاسٹ ہے۔ احد رضا میر اور اقرا عزیز کے ساتھ فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، صنم سعید، مایا علی، آمنہ شیخ، خوشحال خان، احمد علی اکبر اور بلال اشرف بھی اس کا حصہ ہیں۔
ان کے علاوہ ثمینہ احمد، سامعہ ممتاز، شہزاد نواز، عمیر رانا، نادیہ جمیل، نادیہ خان، عدیل حسین اور سیف حسن بھی مختلف کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہہم نیٹ ورککی صدر سلطانہ صدیقی کے پوتے اور ہدایتکارہ مومنہ درید کے بیٹے شاہ زین درید اس سیریز کے ذریعے اداکاری کا آغاز کر رہے ہیں۔
پاکستانی ناظرین کے لیے اس کاسٹ کی ایک خاص کشش فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی بھی ہے، جو ڈرامے ’ہم سفر‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر ایک ایسے منصوبے میں نظر آئے گے جسے فرحت اشتیاق نے تحریر کیا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی اس سیریز کی اہمیت ہے۔ نیٹ فلکس جیسے عالمی پلیٹ فارم پر اردو زبان اور مانوس چہروں کو دیکھنا ان کے لیے اپنی ثقافت سے جڑے رہنے کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے۔
سیریز میں کام کرنے والی اداکارہ آمنہ شیخ کے مطابق اس کی شوٹنگ 2024 میں ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد بھی اس پر کام جاری رہا۔
بی بی سی نیوز اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بطور اداکار وہ اپنے اگلے منصوبوں میں مصروف ہو گئی تھیں، لیکن پروڈیوسرز اور باقی ٹیم اس سیریز کی تکمیل میں مصروف رہی۔ حال ہی میں ڈبنگ کے دوران انھیں اندازہ ہوا کہ اس عرصے میں کتنا کام کیا گیا۔
وہ کہتی ہیں: ’میں اس منصوبے کا حصہ بننے پر بہت خوش اور پُرجوش ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس سیریز میں نظر آنے والے تمام اداکاروں نے اس کے لیے اپنا وقت دیا۔ میرے خیال میں اس ٹیم میں شامل ہر اداکار اس کا مستحق ہے۔‘
’ایک ہی منصوبے میں اتنے فنکاروں کا اکٹھا ہونا پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بھی خوش آئند ہے۔ وہ اسے فنکاروں کی فیملی کا دوبارہ اکٹھا ہونا اور ان کی صلاحیتوں کی توثیق قرار دیتی ہیں۔‘
آٹھ سال کی تیاری، 200 دن کی شوٹنگ
اس سیریز کی تیاری کا سفر بھی خاصا طویل رہا ہے۔ مومنہ درید کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً آٹھ سال کام کیا گیا، جبکہ اس کی شوٹنگ میں 200 دن لگے۔ اتنے طویل عرصے تک ایک منصوبے سے وابستہ رہنے کے باوجود مومنہ درید اسے اپنی کامیابی قرار دینے میں محتاط ہیں۔
وہ کہتی ہیں: ’میں ابھی فخر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں بلکہ عاجز ہوں۔ مجھے فخر اس وقت ہوگا جب اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کے لیے نیٹ فلکس کے دروازے کھلیں گے۔‘
ان کا یہ بیان اس منصوبے کو صرف ایک سیریز کی ریلیز سے آگے لے جاتا ہے۔ ان کے نزدیک اصل کامیابی یہ ہوگی کہ اس کے بعد بھی پاکستانی پروڈکشنز کو عالمی پلیٹ فارم پر کام کرنے کے مواقع ملیں۔
ڈرامہ نگار فرحت اشتیاق بھی اس موقع کو اپنے کام کی عالمی سطح پر نمائش سے بڑھ کر دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے حوالے سے خوشی کے ساتھ گھبراہٹ اور ایک اوور ویلمنگ کیفیت بھی ہے۔
وہ کہتی ہیں: ’اس وقت بہت زیادہ خوشی بھی ہے اور گھبراہٹ بھی۔ یہ ایک بہت بڑی اور جذباتی کیفیت ہے۔ مجھے اپنے لیے اتنی خوشی نہیں جتنی اپنے ملک کے لیے محسوس ہو رہی ہے کہ اب پاکستانی ڈرامے عالمی ناظرین دیکھیں گے۔ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کی جو تصویر دنیا کے سامنے جانی چاہیے، وہ اس ڈرامے کے ذریعے پہنچے۔‘
موسیقی اور ٹریلر پر ردِعمل
سیریز کی موسیقی اور پس منظر کی دھنیں معروف موسیقار روحیل حیات نے ترتیب دی ہیں۔ وہ 80 اور 90 کی دہائی میں وائٹل سائنز بینڈ کا حصہ رہے اور بعد میں کوک سٹوڈیو کے ابتدائی اور مقبول ادوار میں ان کی موسیقی کو خاصی پذیرائی ملی۔
روحیل حیات کی شمولیت اس لیے بھی اہم ہے کہ ان کا کام پاکستانی موسیقی میں روایتی اور جدید انداز کے امتزاج سے پہچانا جاتا ہے۔
سیریز کے ٹریلر اور موسیقی کی رونمائی کے بعد اس کے فنکاروں نے اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا، جہاں اس منصوبے کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے کردار راحت کے حوالے سے پوسٹ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’زندگی بھر اس کردار کا ایک حصہ ان کے ساتھ رہے گا۔‘
’در نجات‘ سے شہرت پانے والے اداکار نمیر خان نے بھی اس ٹریلر لانچ کو پاکستانی سٹوری ٹیلنگ کے لیے مائل اسٹون قرار دے دیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹریلر میں نظر آنے والی تمام پاکستانی اداکاروں کا کولاج بنا کر شئیر کیا تو کسی کے نظر میں ٹریلر ایڈٹ کرنے والا داد کا مستحق ہے۔
کیا پاکستان بھی انڈیا جیسا تجربہ دہرا سکتا ہے؟
پاکستانی ڈرامے کئی برسوں سے بیرون ملک مقیم جنوبی ایشیائی ناظرین میں مقبول ہیں۔ یوٹیوب اور سوشل میڈیا نے ان کی رسائی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ انڈیا سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی ڈراموں کے مکالموں اور کرداروں پر بننے والی ویڈیوز بھی اس مقبولیت کا اظہار کرتی ہیں۔
لیکن یہ مقبولیت زیادہ تر ان لوگوں تک محدود رہی ہے جو پہلے سے پاکستانی ثقافت، زبان یا فنکاروں سے واقف ہیں۔ نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارم پر موجودگی سے ان لوگوں تک بھی رسائی ممکن ہو سکتی ہے جنھوں نے اب تک کوئی پاکستانی ڈرامہ نہیں دیکھا۔
ویانا کی یونیورسٹی آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹس میں سکرپٹ رائٹنگ کے استاد ڈاکٹر عمیر احمد خان اس کی مثال انڈیا میں نیٹ فلکس کے تجربے سے دیتے ہیں۔
ان کے مطابق نیٹ فلکس نے انڈین ناظرین کے لیے مقامی کہانیوں، ثقافتی موضوعات اور فلم سازی کے منفرد انداز کو اپنی عالمی معیار کی پروڈکشن ویلیو کے ساتھ جوڑا جس کے نتیجے میں نہ صرف اسے ایک الگ شناخت ملی بلکہ مقامی مواد کو بھی بین الاقوامی سطح پر نئی پذیرائی حاصل ہوئی۔
وہ کہتے ہیں: ’جب نیٹ فلکس انڈیا آیا تو اس نے وہاں کے منفرد کہانی سنانے کے انداز کو اپنایا اور اسے اپنی پروڈکشن ویلیو کے ساتھ یکجا کیا۔ اسے شروع ہی سے بڑے بڑے ناموں کی ضرورت نہیں تھی۔ رادھیکا آپٹے اور سیف علی خان جیسے اداکار مرکزی کرداروں میں تھے، لیکن تھیٹر اور چھوٹے پلیٹ فارمز سے آنے والے فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے اور پہچان بنانے کا موقع دیا گیا۔ یہی وہ چیز تھی جس نے انڈین نیٹ فلکس کو منفرد بنایا۔‘
ڈاکٹر عمیر احمد خان کے خیال میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں اتنی بڑی تعداد میں معروف اداکاروں کو شامل کرنے کے بجائے دو یا تین بڑے ناموں کے ساتھ معاون کرداروں کے لیے نئے اور نسبتاً کم معروف فنکاروں کو موقع دیا جا سکتا تھا۔
ان کے مطابق ایک ہی منصوبے میں بہت زیادہ بڑے ناموں کی موجودگی بعض اوقات ضرورت سے زیادہ تشہیر کی کوشش کا تاثر دیتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستانی انڈسٹری کی اصل صلاحیت دکھانے کے لیے نئے فنکاروں کو بھی آگے لانا ضروری ہے۔
وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ سیریز کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنے کے لیے ابھی وقت درکار ہے، تاہم ٹریلر میں پروڈکشن کے معیار میں بہتری ضرور دکھائی دیتی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’ٹریلر میں پروڈکشن ویلیو بہتر نظر آتی ہے۔ خوبصورت مقامات پر شوٹنگ کی گئی ہے، سنیماٹوگرافی بھی اچھی دکھائی دیتی ہے اور انگریزی زبان کا استعمال بھی نمایاں ہے۔ لیکن کہانی سنانے کے انداز میں کچھ مسائل ہیں۔ مکالمے قدرتی محسوس نہیں ہوتے اور اداکاری بھی بعض مقامات پر مصنوعی یا ضرورت سے زیادہ بنائی ہوئی لگتی ہے۔‘
ان کی تنقید اس سوال کو بھی سامنے لاتی ہے کہ کیا پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری عالمی پلیٹ فارم کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے صرف بڑے بجٹ، خوبصورت مقامات اور معروف فنکاروں پر انحصار کر سکتی ہے، یا اسے کہانیوں اور مکالموں کے انداز میں بھی تبدیلی لانا ہوگی؟
ڈاکٹر عمیر احمد خان کے نزدیک انڈیا کے تجربے سے ایک سبق یہ ملتا ہے کہ عالمی معیار کی پروڈکشن کے ساتھ مقامی کہانیوں کی شناخت برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے خیال میں پاکستان کو بھی اپنے منفرد کہانی سنانے کے انداز کو سامنے لانا ہوگا۔
انڈیا میں پابندی کا مطالبہ
دوسری جانب انڈیا میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ورکرز، تکنیکی ماہرین اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم تنظیم آل انڈین سینے ورکز ایسوسی ایشن (AICWA) نے انڈین وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی انڈیا میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق تنظیم نے یہ خط انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نام لکھا ہے جس کی نقول نیٹ فلکس انڈیا اور انڈین وزیرِ اطلاعات کو بھی بھیجی گئی ہیں۔
خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی ڈراموں، فلموں اور سیریز پر مستقل پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں پلوامہ، پہلگام اور سنہ 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان پر انڈیا میں دہشت گردی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کبھی بھی انڈیا کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا، لہذا پاکستانی فنکاروں، ڈراموں، فلموں، سیریز، پوڈکاسٹس سمیت ہر طرح کے مواد پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ’پہلے کھیلوں کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو، اور اب فن اور ثقافت کو۔ آل انڈیا سنی ورکرز ایسوسی ایشن نئی دہلی سے مطالبہ کر رہی ہے کہ پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ کو کتنے عدمِ تحفظ کا شکار ہونا پڑتا ہے کہ ایک کرکٹ میچ سیاسی خطرہ نظر آئے اور ایک ٹیلی وژن ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ محسوس ہو؟‘
انھوں نے لکھا کہ ’کھلاڑیوں کو کھیلنے دو، پانی کو بہنے دو، فنکاروں کو تخلیق کرنے دو، اور ناظرین کو خود فیصلہ کرنے دو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘