حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایچ او اے پی) نے حج 2027 کے لیے نجی حج اسکیم کے تحت بکنگ کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا۔
ایچ او اے پی کے مطابق حج 2027 کی نجی اسکیم میں بکنگ کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد عازمینِ حج کے پاس بکنگ مکمل کرنے کے لیے مزید وقت موجود ہے۔ نجی حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد 30 نومبر 2026 تک اپنی بکنگ کراسکیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے 14 نومبر کو حج 2027 کے انتظامات کے سلسلے میں متعلقہ فریقین کے ساتھ معاہدوں کا عمل مکمل کرلیا تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق پیشگی معاہدوں اور انتظامات کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمینِ حج کو رہائش، نقل و حمل اور دیگر ضروری سہولیات بروقت فراہم کرنا ہے، جبکہ آئندہ حج سیزن کے انتظامات کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے حج سیزن سے قبل انتظامات مکمل کرنے کا اقدام عازمینِ حج کو بہتر سہولیات اور پرسکون سفری تجربہ فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔