وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت سمندری خوراک کی صنعت اور برآمدات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ویلیو ایڈڈ سمندری خوراک کی برآمدات بڑھانے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے سربراہ وزارت بحری امور کے فشریز کمشنر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن ہوں گے۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان سے 578 کمپنیاں سمندری خوراک برآمد کر رہی ہیں، تاہم صرف تین کمپنیاں ویلیو ایڈڈ مصنوعات برآمد کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندری خوراک کی مجموعی برآمدات میں کم از کم پانچ فیصد حصہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کا ہونا چاہیے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حکومت ویلیو ایڈڈ سمندری مصنوعات کی برآمدات بڑھانا چاہتی ہے، اس مقصد کے لیے ماہی گیری کے محکموں اور برآمد کنندگان سے مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ سمندری خوراک کی برآمدات کے فروغ کے لیے ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی، جبکہ جھینگوں کی افزائش اور آبی زراعت کے مراکز کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
وزیر بحری امور نے متعلقہ حکام کو سمندری خوراک کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن، برآمدات میں اضافے اور آبی زراعت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔