پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس کے بھاری بقایاجات کی وصولی کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز نے اہم احکامات جاری کر دیے، تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور ضلعی ای ٹی اوز کو ڈیفالٹرز سے واجبات وصول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔
ایکسائز ذرائع کے مطابق لاہور میں پراپرٹی ٹیکس کے 14 ارب روپے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع سمیت مجموعی طور پر 35 ارب روپے سے زائد کے بقایاجات ہیں۔ ڈی جی ایکسائز نے تمام ریجنز میں نادہندگان سے وصولی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 11 سال سے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر سے ایک ارب روپے سے زائد کے پرانے واجبات وصول کیے گئے تھے۔
رواں مالی سال میں بقایاجات کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں ساڑھے 42 ارب روپے کی وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے ابتدائی چار ماہ کے دوران 19 ارب روپے سے زائد جمع کیے جاچکے ہیں۔
ڈی جی ایکسائز نے معمول کی ٹیکس وصولیوں کے ساتھ پرانے بقایاجات کی ریکوری بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالتوں میں اپیلوں کے باعث زیر التوا ٹیکس کیسز کے فیصلوں کے لیے بھی بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔