پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے لیے نادرا کا نیا بائیومیٹرک نظام نافذ

image

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام متعارف کرا دیا۔

نادرا کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت متعلقہ سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے پہلے درخواست گزار کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی، جس کا مقصد جعلی اور غیر قانونی سرٹیفکیٹس کے اجرا کی روک تھام اور شہریوں کے اندراج کے ریکارڈ کو مستند بنانا ہے۔

یہ سہولت ابتدائی طور پر چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع میں فراہم کی گئی ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور کی یونین کونسلوں کو اس نظام میں شامل کیا گیا ہے۔

سندھ کے اضلاع میں کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر شامل ہیں۔

اسی طرح بلوچستان کے کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب کی منتخب یونین کونسلوں میں بھی بائیومیٹرک تصدیق کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نئے نظام سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کریں یا ادارے کی سرکاری ویب سائٹ www.nadra.gov.pk سے رجوع کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US