وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خلائی تعاون اور پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی شینزو 24 مشن کے ذریعے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانگی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے 25 نومبر کو تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینزو 24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے جس نے پاکستان کو اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں، یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، بالخصوص ملک کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے خوابوں اور بلند عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے شینزو 24 مشن کو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے پاکستانی خلا بازوں کی تربیت میں چینی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کے خواب دیکھنے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے مزید متحرک کرے گی۔ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے چینی سفیر سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں جاری تقریبات اور سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے۔