عطاء اللہ تارڑ کی دامنِ کوہ میں سکھ یاتریوں کے وفد سے ملاقات، پنجابی زبان میں پرتپاک استقبال

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے سیاحتی مقام دامنِ کوہ میں سکھ یاتریوں کا پنجابی زبان میں پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جہاں عطاء اللہ تارڑ نے سکھ یاتریوں سے پنجابی زبان میں بے تکلفانہ گفتگو کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دامنِ کوہ اسلام آباد کا انتہائی خوبصورت مقام ہے، جہاں سے پورے شہر کے قدرتی حسن اور خوبصورتی کا دلکش نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی موجودگی ہمارے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے۔ ان مقدس مقامات کی خدمت کے ساتھ ساتھ ہمیں دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کا موقع بھی ملتا ہے۔

اس موقع پر سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکھ مذہب کی مقدس شخصیات سے منسوب متعدد اہم تاریخی اور مذہبی مقامات موجود ہیں۔ ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب سکھ برادری کے لیے انتہائی مقدس اور تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔

سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب بھی وہ پاکستان آتے ہیں، یہاں کے لوگ محبت، خلوص اور احترام کے ساتھ ان کا استقبال کرتے ہیں۔ یاتریوں نے دامنِ کوہ سے اسلام آباد کے خوبصورت مناظر کو بھی سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US