پاکستان میں قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین قائم کرنے کا فیصلہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، مکمل ویلیو چین کے قیام اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لیے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کے قیام کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار کے باعث ملک کی قیمتی دولت ضائع ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کے لیے بھیجا جائے، جبکہ سیکریٹری خارجہ کو متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفیروں کے ذریعے مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہونے کی توقع ہے، جبکہ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے قیمتی پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں۔ اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5,500 سے زائد ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور محدود ویلیو ایڈیشن شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4.10 ارب روپے کا منصوبہ، 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عملدرآمد بھی شروع ہوچکا ہے۔

حکومت کی اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری اور نیشنل وارنٹی نظام کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس و کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کان کنی سے تیار مصنوعات تک مکمل ویلیو چین کا قیام شامل ہے۔

وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت پر متعلقہ وزراء، معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم کو سراہا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US