دھرنے ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد مولانا فضل الرحمٰن گرفتار، جمعہ کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

image

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ملک بھر میں جاری دھرنے ملتوی کرنے کے اعلان کے فوراً بعد باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے سرگودھا میں اپنے خطاب کے اختتام پر خود اپنی گرفتاری کی تصدیق کی۔ جب آئی جی پنجاب اور سی پی او گرفتاری کے لیے پہنچے تو مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ انہیں گرفتار کر کے جہاں چاہیں لے جائیں، وہ اب ان کی حراست میں ہیں اور پوری استقامت کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔

گرفتاری سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے ملک بھر کے کارکنوں کے عزم، استقلال اور جرات کو سلام پیش کیا اور ہدایت کی کہ کارکن جوش کے بجائے ہوش سے کام لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرفتاریاں ان کا راستہ نہیں روک سکتیں، ان کے اکابرین نے پھانسیوں کو چوما ہے اور درختوں پر لٹکایا جانا برداشت کیا ہے، اس لیے جیل جانا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جیلیں کم پڑ جائیں گی لیکن جے یو آئی کے کارکن ختم نہیں ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر وہ خود جیلوں کے دروازوں پر جا کر گرفتاریاں دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ملک بھر میں جاری دھرنوں کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن کا انتظام اور طریقہ کار مقامی جماعتیں باہمی مشاورت سے طے کریں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ اور تحریک ان شاء اللہ برقرار رہے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان باہمی مشاورت اور بھرپور حکمت عملی کے ساتھ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US