پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ایکو سسٹم میں بھی پی سی ایس آئی آر کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، ذمہ داریوں اور مستقبل کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کے لیے عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کے عمل کو سہل بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے پی سی ایس آئی آر اپنے تحقیقی کردار کو مزید مؤثر بنائے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ بھی طلب کر لی، جبکہ ادارے کے مینڈیٹ، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی پی سی ایس آئی آر کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، اب تک کیے گئے اقدامات اور مستقبل میں ادارے کی استعداد سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے پی سی ایس آئی آر کو مزید مؤثر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کے ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں، جبکہ 12 نئی لیبارٹریاں بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت تکنیکی حل فراہم کرتا ہے، جس سے ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور معیار بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ادارہ اب تک 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر چکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔

بریفنگ کے مطابق پی سی ایس آئی آر کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی پیمائش و درستی (کیلیبریشن) کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US