ملک میں سیاسی استحکام، قانون اور پالیسی کا فقدان ہے، حکمرانوں نے نظام خراب کر رکھا ہے، شاہد خاقان عباسی

image

عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ ایک میٹنگ کروانے کے لیے ملک بند کرنا پڑے، حکومت کے پاس بھی اس کا کوئی جواب نہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام، قانون اور واضح پالیسی کا فقدان ہے، حکمرانوں نے خود سسٹم خراب کر رکھا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج آٹا 190 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، چند سال قبل یہی آٹا 80 سے 90 روپے فی کلو تھا۔ پاکستان کو 80 سال ہو گئے لیکن آج تک یہ طے نہیں کر سکے کہ گندم کی قیمت کیا ہوگی اور مل سے عوام تک آٹا کس طریقے سے پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کر چکا ہے جبکہ ملک میں 25 سے 30 لاکھ ٹن گندم کی کمی ہے۔ کسان نے اپنی گندم 65 روپے فی کلو تک فروخت کی، جبکہ پنجاب میں 30 لاکھ ٹن کے بجائے صرف ایک لاکھ 50 ہزار ٹن کے قریب گندم خریدی گئی، جس سے مڈل مین کو گندم ذخیرہ کرنے کا موقع ملا۔

شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا کہ گندم کی خریداری میں یہ پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ پالیسی کی کرپشن ہے۔ چینی کو ڈی ریگولیٹ کر دیا گیا، پاکستان کبھی چینی کی پیداوار میں بہت آگے تھا، لیکن اب چینی درآمد کرنے پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ چینی کے مل مالکان فائدہ اٹھا رہے ہیں اور پالیسی بنانے والے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر دوسرے ممالک پر بھی ہوا، مگر پاکستان میں ایل پی جی اور پٹرول کی قیمتیں بہت بڑھائی گئیں۔ حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 1800 ارب روپے لیے، جبکہ ٹیکس ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرے۔

چیئرمین عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کبھی کم نہیں کرے گی، ان کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا کوئی وژن ہی نہیں۔ وزراء آپس میں لڑ رہے ہیں، ملک ہمیشہ مشکلات میں گھرا رہتا ہے، پیداوار نہیں بڑھے گی تو ترقی کیسے ہوگی؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں نہ پولیس کا نظام ہے، نہ انتظامیہ اور نہ ہی اسپتال درست طریقے سے چل رہے ہیں۔ ہمارے پاس جو وسائل ہیں انہیں بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ کس ری سیٹ کی بات کر رہے ہیں؟

انہوں نے صوبوں کے حوالے سے کہا کہ صوبے بنانے کی بات تو کی جا رہی ہے لیکن اس کا خاکہ بھی بتایا جائے۔ صوبوں کے وسائل کی تقسیم کیسے ہوگی، یہ بھی واضح کیا جائے۔ ٹیکس کا پیسہ جو صوبوں کو جاتا ہے، اس کی تقسیم منصفانہ ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو مخالفت ہو رہی ہے وہ اصول کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنے مفادات کے لیے ہو رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی اداروں میں آج جو کرپشن ہو رہی ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ بھی معلوم نہیں ہو رہا کہ مولانا فضل الرحمان گرفتار ہیں یا نہیں۔ پنجاب حکومت نہیں بتا رہی تو مولانا صاحب خود بتا دیں گے کہ کیا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکنوکریٹ یا قومی حکومت بنانی ہے تو اس کا خاکہ سامنے رکھا جائے۔ آئین اور قانون کے مطابق جو ذمہ داری ان کی پارٹی پر ڈالی گئی ہے، اسے پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کی ابتدا قانون کی بالادستی اور عوام کی رائے کے احترام سے ہوگی۔ ملک انتخابات میں دھاندلی کے باعث غریب سے غریب تر ہوا، 2018 اور 2024 کے انتخابات بدترین دھاندلی کی مثال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ عرصے میں ڈیڑھ سو ارب روپے ریفائنریز کے پاس پہنچ گئے۔ شہباز شریف کی پارٹی ہمیشہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں وزراء ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، جبکہ عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کے پاس نہ واضح پالیسی ہے اور نہ ہی ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا کوئی مؤثر وژن۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US