متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنما شاہی سید سے مردان ہاؤس کراچی میں ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، انتظامی یونٹس کے قیام اور پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے ضروری انتظامی اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی، فرقان اطیب، نیک محمد اور شاکر علی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ پورے ملک میں بہتر انتظامی نظام، عوامی مسائل کے حل اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیں ایک ہیں اور شہر سمیت پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
آخر میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں سیاسی قیادت کے درمیان رابطے، باہمی مشاورت اور مکالمے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔