کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے میں مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہیوی مشینری کے بجائے دستی طریقے سے ملبہ ہٹانے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر چھ منزلہ عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون تھا، تاہم مبینہ طور پر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کی گئی تھیں۔