سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار

image

حکومتِ سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

سندھ کے محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تاریخ پر جلسہ کرنے کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے درخواست پہلے ہی موصول ہو چکی تھی۔

ذرائع نے واضح کیا کہ انتظامیہ کسی بھی سیاسی جماعت کو احتجاج یا ریلی سے نہیں روک رہی، تاہم ضابطے کے تحت جس جماعت نے پہلے درخواست دی اور اعلان کیا ہے، انعقاد کا اولین حق اسی کا بنتا ہے۔

محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ممکنہ تصادم اور امن و امان کے خدشات کے پیش نظر ایک ہی روز اور مقام پر اجازت دینا ممکن نہیں ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے ایم کیو ایم کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ریلی اور جلسے کے لیے کسی دوسری تاریخ کا انتخاب کریں یا پھر اپنی ریلی کا راستہ تبدیل کرلیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US