وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس ایم ایز کو مالی وسائل کی فراہمی، کاروباری دستاویزات کی تیاری، برآمدی مواقع سے استفادے اور قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ایس ایم ایز کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ایس ایم ایز جن کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انہیں قرضوں کی فراہمی کے لیے موجودہ کاروباری ریکارڈ اور ڈیٹا کو ضمانت کے متبادل کے طور پر زیر غور لایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے جبکہ ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط (Prudential Regulations) پر نظرثانی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے صرف قرضوں کی فراہمی تک محدود نہ رہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی اور قرض لینے والے ایس ایم ایز کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، ریاض حسین پیرزادہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے چیف ایگزیکٹو افسران سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔