کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے ملنے والی لاش کی شناخت 17 سالہ محمد علی ولد محمد بلال کے نام سے ہوئی ہے، جسے قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔ بھاری مشینری اور دیگر وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے جبکہ ممکنہ طور پر زندہ افراد کی موجودگی کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے آپریشن کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق عمارت گرنے کے نتیجے میں اب تک 11 افراد جاں بحق، 14 زخمی جبکہ 11 افراد لاپتا ہیں۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔