پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ون ڈے کے بعد بابر اعظم ان کی تنقید پر ناراض ہو گئے تھے اور ایک ہفتے تک ان سے بات نہیں کی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بلے باز بابر اعظم سے متعلق سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ایک بار تنقید کرنے پر بابر اعظم ان سے ناراض ہو گئے تھے اور ایک ہفتے تک بات نہیں کی تھی۔
ایک ویڈیو پوڈکاسٹ میں مکی آرتھر کی گفتگو کا یہ حصہ وائرل ہو رہا ہے اور کرکٹ شائقین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
آرتھر نے اپنی کوچنگ کے دنوں کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات کوچ کو کھلاڑیوں کو اُن کی صلاحیتوں سے بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے چیلنجز دینا پڑتے ہیں، چاہے اس کی وجہ سے وقتی طور پر ناراضی ہی کیوں نہ پیدا ہو جائے۔
اسی تناظر میں انھوں نے بابر اعظم کے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کیا جس کا تعلق سنہ 2019 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ایک ون ڈے میچ سے تھا۔
مکی آرتھر نے کیا کہا؟
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے سنہ 2019 میں انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم کے ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کا حوالہ دیا، جس کے بعد انھوں نے بابر اعظم پر تنقید کی تھی۔
مکی آرتھر نے پوڈکاسٹ میں کہا کہ کوچنگ کا اصل فن یہ ہے کہ کھلاڑی کو بہتر کارکردگی کی طرف لے جانے والی وہ چیز تلاش کی جائے جو اسے خود کو مزید بہتر بنانے پر آمادہ کرے۔
انھوں نے کہا: ’میں نے مختلف مواقع پر مختلف طریقے استعمال کیے ہیں۔ بعض اوقات جب ٹیم میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہوتا ہے لیکن آپ کو لگتا ہے کہ ٹیم مطلوبہ ردعمل نہیں دے رہی تو آپ ٹیم کے سامنے اپنے سب سے بڑے کھلاڑی پر تنقید کرتے ہیں۔‘
’اس سے ان کا اعتماد وقتی طور پر متاثر ہوتا ہے، وہ دو ہفتے تک آپ سے ناراض رہتے ہے، لیکن اس کے بعد جو کارکردگی سامنے آتی ہے وہ حیران کن ہوتی ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے بابر اعظم کو بھی اسی انداز میں چیلنج کیا تھا تو آرتھر نے جواب دیا: ’میں نے ایسا کیا تھا۔‘
تفصیل بتاتے ہوئے انھوں نے کہا: ’میں نے ایک بار ٹرینٹ برج میں انھیں چیلنج کیا۔ بابر اور میرے تعلقات بہت اچھے تھے، لیکن اس واقعے کے بعد انھوں نے ایک ہفتے تک مجھ سے بات نہیں کی۔‘
مکی آرتھر نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف اس میچ میں بابر اعظم نے سنچری بنائی تھی، لیکن ان کے خیال میں وہ مرحلہ میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوا۔
’اس وقت ٹرینٹ برج ایک ایسا میدان تھا جہاں بڑے سکور بنتے تھے۔ بابر نے 78 گیندوں پر 90 رنز بنا لیے تھے۔ اس کے بعد 90 سے 100 رنز تک پہنچنے میں انھیں مزید 15 گیندیں لگیں۔‘
سابق ہیڈ کوچ کے مطابق، اگرچہ بابر اعظم نے سنچری بنائی تھی لیکن ’ہم آخری اوور میں میچ ہار گئے تھے۔‘
آرتھر نے کہا: ’میں نے خاص طور پر اس 15 گیندوں کی نشاندہی کی کیونکہ میری رائے میں اس دوران وہ سنچری کے لیے کھیل رہے تھے۔
’اگر وہ 90 سے 100 رنز تک پانچ گیندوں میں پہنچ جاتے تو ہمارے پاس مزید 10 گیندیں ہوتیں، ہم تقریباً 15 رنز مزید بنا سکتے تھے اور میچ باآسانی جیت سکتے تھے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’مجھے یاد ہے کہ میں نے ڈریسنگ روم میں اس معاملے پر ان سے سخت بات کی۔ لوگ حیران تھے کہ آپ بابر پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ انھوں نے سنچری بنائی ہے۔ میرے خیال میں یہی وہ مرحلہ تھا جہاں ہم میچ ہار گئے۔‘
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے بابر اعظم کو مزید مضبوط بنایا۔
’پھر ہم ورلڈ کپ میں گئے اور انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں وہ سنچری بنائی جو میرے نزدیک اب تک کی بہترین سنچریوں میں سے ایک ہے۔ آج بھی اسے یاد کر کے میرے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
’لیکن اس مرتبہ وہ 90 سے 100 رنز تک صرف تین گیندوں میں پہنچے تھے۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ انھوں نے اپنا بیٹ اٹھا کر ڈریسنگ روم کی طرف اشارہ کیا تھا۔‘
مکی آرتھر جس میچ کا حوالہ دے رہے ہیں، اُس میں کیا ہوا تھا؟
2019 میں ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف بابر اعظم نے 115 رنز سکور کیے تھےآرتھر نے اپنی گفتگو میں 17 مئی 2019 کو ٹرینٹ برج، نوٹنگھم میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ کا حوالہ دیا تھا۔
اُس ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بابر اعظم کی سنچری بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی تھی اور انگلینڈ نے 341 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
ورلڈ کپ سے قبل کھیلی جانے والی پانچ میچوں کی سیریز کے اس اہم مقابلے میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 340 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 112 گیندوں پر 115 رنز بنائے تھے، جن میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
انگلینڈ نے 49ویں اوور کی تیسری گیند میں 341 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا تھا۔
یہی وہ میچ ہے جس کا حالیہ دنوں میں سابق پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے حوالہ دیا۔ آرتھر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں بابر اعظم 90 سے 100 رنز کے درمیان نسبتاً محتاط انداز میں کھیلے اور اگر وہ اس مرحلے میں زیادہ تیزی سے رنز بناتے تو پاکستان کے مجموعی سکور میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا۔
بابر اعظم خود غرض ہیں، مکی آرتھر کی کہانیاں فرضی ہیں: سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل
سوشل میڈیا پر مکی آرتھر کے دعوے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بعض صارفین نے آرتھر پر بابر اعظم کا نام استعمال کر کے توجہ حاصل کرنے کا الزام لگایا ہے، جبکہ بعض نے ان کی بات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی کامیابی کو ٹیم کی کامیابی پر ترجیح نہیں دی جانی چاہیے۔
چند صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ آرتھر کی اپنی کہانی کے مطابق بابر نے بعد میں اس تنقید سے سیکھا اور اپنی بیٹنگ میں بہتری لائی۔
بابر اعظم کے حامی صارفین نے مکی آرتھر کی تنقید کو غیرمنصفانہ قرار دیا۔ صارف اسامہ ظفر نے لکھا کہ مکی آرتھر اب اپنی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے بابر اعظم کا نام استعمال کر رہے ہیں اور انھیں ’فرضی کہانیاں‘ بیان کرنا بند کر دینا چاہیے۔
دوسری جانب بعض صارفین نے آرتھر کے مؤقف کی حمایت کی اور بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
صارف مِشال نے کہا کہ بابر مسلسل ایک اوسط درجے کے کھلاڑی رہے ہیں اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر ان کا اثر منفی رہا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ٹیم کے کھیل میں کسی کھلاڑی کا ٹیم کی فتح کے بجائے ذاتی کامیابی کے بارے میں سوچنا دراصل اپنی ٹیم کو پیچھے رکھنے کے مترادف ہے۔
صارف شہباز رائے نے لکھا کہ بابر اعظم کا رویہ ’خود غرضی‘ کی مثال ہے۔ ان کے مطابق بابر اعظم کا رویہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔
تاہم کچھ صارفین نے بحث میں ایک مختلف پہلو بھی اجاگر کیا۔
صارف ایچ اے چیمہ نے یاد دلایا کہ مکی آرتھر نے اپنی گفتگو میں یہ بھی بتایا تھا کہ بعد میں ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم 90 سے 100 رنز تک صرف تین گیندوں میں پہنچے تھے۔ ان کے مطابق یہ واضح بہتری تھی اور ناقدین کو کہانی کا یہ حصہ بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔