یہ ایک ایسی خاتون کی کہانی ہے جو ووٹر کارڈ جیسے متعدد سرکاری دستاویزات ہونے اور ماسٹرز تک تعلیم حاصل کرنے کے باوجود اس ملک کی شہری نہیں تھیں۔
26 سالہ ڈولی وڈالیا گجرات کے شہر راجکوٹ کی رہائشی ہیں۔26 سالہ ڈولی برائی گجرات کے شہر راجکوٹ کے ایک ہسپتال میں بطور ماہر غذائیت (ڈائٹیشن) کام کرتی ہیں۔ ان کی شادی کینیڈا کے شہر کیلگری میں خِلن وڈالیا نامی نوجوان سے ہوئی۔
وڈالیا خاندان کو اس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا جب شادی کے بعد انھوں نے ڈولی کو ان کے شوہر کے ساتھ کینیڈا بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
انھیں معلوم ہوا کہ ڈولی کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک کی شہریت نہیں اور اسی وجہ سے ڈولی کو کینیڈا بھیجنے کا منصوبہ ادھورا رہ گیا۔
ڈولی نے ریاستی اور وفاقی حکومت کے مختلف دفاتر سے رابطہ کیا اور حکام کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 25 دن کی عمر سے راجکوٹ میں رہ رہی ہیں۔ انھوں نے راجکوٹ ہی میں تعلیم حاصل کی اور وہیں ملازمت بھی کر رہی ہیں، اس لیے وہ انڈیا کی شہری ہیں۔
تاہم حکام نے مختلف قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے ڈولی وڈالیا کے دلائل تسلیم نہیں کیے۔ اس کے بعد انھوں نے گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کیا، مگر وہاں سے بھی انھیں کوئی ریلیف نہیں ملا۔
اس صورتِحال نے خاندان کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔ شادی کے تین سال بعد تک ڈولی اور ان کے شوہردنیا کے دو مختلف براعظموں میں رہنے پر مجبور تھے۔
ہر طرف سے تھک ہار کر بالآخر متاثرہ خاندان نے مقامی سیاسی رہنماؤں سے مدد طلب کی جنھوں نے وفاقی حکومت سے بات کر کے ڈولی کے لیے راہ نکالی۔
یہ ایک ایسی خاتون کی کہانی ہے جو ووٹر کارڈ جیسی متعدد سرکاری دستاویزات ہونے اور ماسٹرز تک تعلیم حاصل کرنے کے باوجود اس ملک کی شہری نہیں تھیں۔
برائی خاندان نے راتوں رات موزمبیق کیوں چھوڑا؟
ڈولی راجکوٹ کے ایک ہسپتال میں بطور ڈائٹیشن کام کرتی ہیں۔ڈولی وڈالیا کے مطابق ان کے والد کیتن برائی 1995 میں کاروبار کی غرض سے افریقی ملک موزمبیق گئے تھے، جہاں ان کے خاندان کے چند افراد پہلے سے مقیم تھے۔
انھوں نے موزمبیق کے ساحلی شہر شائی شائی میں کریانے کی ایک دکان کھولی۔ بعد ازاں ان کی اہلیہ آرتی برائی بھی وہاں منتقل ہو گئیں۔ فروری 2000 میں اس جوڑے کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام ڈولی رکھا گیا۔
ڈولی کی پیدائش کے بعد ان کے والدین نے موزمبیق حکومت سے ان کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی بنوا لیا تھا۔
ڈولی بتاتی ہیں کہ ان کی پیدائش کے چند ہی روز بعد موزمبیق میں ایک شدید طوفان آیا، جس کے نتیجے میں شائی شائی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں اور تباہ کن سیلاب آ گیا۔
’میرے والدین نے وہاں جو کچھ برسوں میں بنایا تھا، وہ سب سیلاب میں تباہ ہو گیا۔ تقریباً 18 دن بعد ہمیں سیلاب زدہ علاقے سے نکالا گیا۔ میرے والدین سب کچھ کھو چکے تھے، اس لیے وہ مجھے لے کر راجکوٹ واپس آ گئے۔‘
قدرتی آفت کے باعث ڈولی کے والدین ان کی پیدائش کے فوراً بعد نہ تو موزمبیق کا پاسپورٹ بنوا سکے اور نہ ہی انڈین دستاویزات حاصل کر سکے۔
خاندان کا کہنا ہے کہ اس وقت موزمبیق میں موجود انڈین قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک ہنگامی سفری دستاویز (ایمرجنسی سرٹیفکیٹ) کی بنیاد پر انھیں اپنی نومولود بیٹی کے ساتھ موزمبیق چھوڑنے اور انڈیا واپس آنے کی اجازت ملی۔
اسی ایمرجنسی سرٹیفکیٹ کے ذریعے برائی خاندان 14 مارچ 2000 کو راجکوٹ واپس آ گیا۔ اس کے بعد وہ دوبارہ موزمبیق نہیں گئے اور مستقل طور پر راجکوٹ ہی میں آباد ہو گئے۔
ڈولی کو سکول میں داخلہ کیسے ملا؟
راجکوٹ پہنچنے کے بعد جب ڈولی بڑی ہوئیں تو ان کے والدین انھیں شہر کے ایک سکول میں داخل کروانے لے گئے۔
ڈولی کے مطابق موزمبیق حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان کا پیدائشی سرٹیفکیٹ پرتگالی زبان میں تھا۔ اسی دستاویز کی بنیاد پر انھیں سکول میں داخلہ مل گیا اور ان کا نام سکول کے رجسٹر میں درج کر لیا گیا۔
وہ کہتی ہیں کہ ’سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مجھے سکول کی جانب سے سکول لیونگ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔‘
ان کے مطابق اس سرٹیفکیٹ میں بھی درج تھا کہ ان کی پیدائش موزمبیق میں ہوئی تھی۔ یوں ان کے پاس پیدائش سے متعلق ایک اور سرکاری نوعیت کی دستاویز آ گئی تھی۔
ڈولی بتاتی ہیں کہ پیدائشی سرٹیفکیٹ اور سکول لیونگ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر انھیں کالج میں بھی داخلہ مل گیا۔
بعد ازاں انھوں نے سائنس میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اور پھر ہوم سائنس (فوڈ اینڈ نیوٹریشن) میں ماسٹرز مکمل کیا۔
انھیں انڈیا میں آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور پین کارڈ بھی جاری کر دیے گئے۔
ڈولی کا کہنا ہے کہ دوسری لڑکیوں کی طرح ان کی زندگی بھی معمول کے مطابق گزر رہی تھی، لیکن شادی کے بعد خوشیوں کے بجائے ان کی زندگی میں ایک بڑا بحران پیدا ہو گیا۔
شادی کے بعد ڈولی کو بتایا گیا کہ وہ کسی بھی ملک کی شہری نہیں ہیں

ڈولی کہتی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے خود کو انڈین شہری سمجھتی رہی ہیں۔
جولائی 2023 میں ان کی شادی خِلن وڈالیا سے ہوئی، جو بنیادی طور پر راجکوٹ کے رہائشی ہیں اور اس وقت کینیڈا کے شہر کیلگری میں کام کر رہے ہیں۔ شادی کے بعد خاندان نے فیصلہ کیا کہ ڈولی کو بھی اپنے شوہر کے ساتھ کینیڈا منتقل ہو جانا چاہیے۔
تاہم کینیڈا کا ویزا حاصل کرنے کے لیے کسی ملک کا پاسپورٹ ہونا ضروری تھا۔
اسی مقصد کے لیے ڈولی نے ستمبر 2023 میں احمد آباد کے پاسپورٹ آفس میں انڈین پاسپورٹ کے حصول کی درخواست دی۔
بی بی سی گجراتی سے بات کرتے ہوئے ڈولی کے جیٹھ رونک وڈالیا نے بتایا کہ پاسپورٹ حکام نے ڈولی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ طلب کیا، جس پر خاندان نے موزمبیق حکومت کی جانب سے جاری کردہ پیدائشی سرٹیفکیٹ جمع کروا دیا۔
ان کے مطابق پاسپورٹ دفتر نے اس دستاویز کو کافی نہیں سمجھا اور درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈولی کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ انڈیا کی شہری ہیں۔
اس کے بعد ڈولی نے موزمبیق میں انڈیا کے قونصل خانے سے اپنے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی توثیق کروائی اور دیگر اضافی دستاویزات کے ساتھ مارچ 2025 میں دوبارہ پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کروائی۔
تاہم اس مرتبہ بھی پاسپورٹ حکام نے ان کی درخواست مسترد کر دی اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی انڈین شہریت ثابت نہیں کر سکیں۔
اس کے بعد ڈولی نے راجکوٹ میں ضلعی کلکٹر کے دفتر سے رابطہ کیا تاکہ انھیں انڈین شہریت کا سرٹیفکیٹ مل سکے۔
ڈولی کے بقول حکام نے انھیں بتایا کہ انڈین شہریت حاصل کرنے کے لیے پہلے کسی دوسرے ملک کا پاسپورٹ جمع کروانا ہوگا، جس کے بعد ہی ان کی درخواست پر غور کیا جا سکتا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’ہم نے دہلی میں موزمبیق کے ہائی کمیشن سے رابطہ کیا، لیکن انھوں نے صاف بتایا دیا کہ میں موزمبیق کی شہری نہیں۔‘
ان کے مطابق ان کے پاس کبھی موزمبیق کا پاسپورٹ تھا ہی نہیں، اس لیے وہ کوئی ایسا پاسپورٹ جمع بھی نہیں کرا سکتی تھیں۔
ڈولی کہتی ہیں کہ اسی مرحلے پر انھیں اندازہ ہوا کہ وہ عملاً ’سٹیٹ لیس‘ ہیں۔ اس سے مراد کوئی ایسا شخص ہے جس کے پاس کسی بھی ملک کی شہریت نہیں ہوتی۔
ان کے بقول اس صورتحال نے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا، کیونکہ شادی کے باوجود وہ اپنے شوہر کے ساتھ کینیڈا نہیں جا سکیں اور دونوں کئی برس سے الگ الگ ممالک میں رہنے پر مجبور ہیں۔
ہائی کورٹ سے ریلیف کیوں نہ مل سکا؟
راجکوٹ سے رکنِ پارلیمان پارشوتّم روپالا (درمیان میں)۔ رونک وڈالیا کے مطابق جب سرکاری ریکارڈ میں ڈولی کو عملاً سٹیٹ لیس قرار دیے جانے سے دونوں خاندان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے۔
وہ کہتے ہیں ’ہم سب بہت پریشان تھے۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ اب کیا کریں، کس سے رابطہ کریں اور کون سی دستاویزات کے لیے کہاں درخواست دیں۔‘
ان کے مطابق قانون کے تحت اگر کوئی انڈین شہری بیرونِ ملک رہ رہا ہو اور وہاں اس کے ہاں بچے کی پیدائش ہو، تو بچے کی پیدائش کے ایک سال کے اندر متعلقہ ملک میں موجود انڈین ہائی کمیشن یا قونصل خانے میں اس کا اندراج کروانا ضروری ہوتا ہے۔ ایسا کرنے سے بچے کو وراثت میں انڈین شہریت مل سکتی ہے۔
تاہم ڈولی کے والدین موزمبیق میں تباہ کن سیلاب کے باعث اپنا سب کچھ کھو بیٹھے تھے اور اس کے بعد وہاں واپس نہ جا سکے۔ رونک وڈالیا کے بقول اس زمانے میں رابطے اور مواصلات کی سہولیات بھی محدود تھیں، اس لیے وہ کسی اور طریقے سے قونصل خانے کو اس بارے میں مطلع نہیں کر سکے۔
دوسری جانب انڈین قانون کے تحت کوئی غیر ملکی شہری اگر مسلسل سات برس تک انڈیا میں مقیم رہے تو مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد شہریت کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔
لیکن ڈولی کے معاملے میں یہ راستہ بھی مشکل تھا، کیونکہ ان کے پاس یہ ثابت کرنے کے لیے خاطرخواہ دستاویزات موجود نہیں تھیں کہ وہ موزمبیق کی شہری ہیں۔
اسی لیے ڈولی نے جولائی 2025 میں گجرات ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پاسپورٹ دفتر اور راجکوٹ کلکٹر آفس کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں اور انھیں انڈین پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
تاہم اپریل 2026 میں گجرات ہائی کورٹ نے ان بھی کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انڈین پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے پہلے ڈولی کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ انڈین شہری ہیں۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ اگر غیر معمولی حالات کے باعث موزمبیق میں موجود انڈین قونصل خانے میں ان کی پیدائش کا اندراج مقررہ مدت میں نہیں ہو سکا تھا، تو تاخیر سے اندراج کی درخواست قبول کرنے کا اختیار انڈیا کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے متعلقہ ملک کے لیے مقرر کردہ مجاز افسر کے پاس موجود ہے۔
طویل جدوجہد کے بعد امید کی کرن
ڈولی وڈالیہ اپنا پاسپورٹ دکھاتے ہوئےرونک وڈالیا کے مطابق مختلف سرکاری دفاتر اور عدالتوں سے ریلیف نہ ملنے پر خاندان نے پوربندر سے سابق رکنِ پارلیمان رمیش دھڈک اور راجکوٹ سے موجودہ رکنِ پارلیمان پرشوتَم روپالا سے مدد طلب کی۔
رونک وڈالیا کہتے ہیں کہ ’ہم ان کے پاس گئے، اپنی مشکل بیان کی اور رہنمائی مانگی۔ ہم نے راجیہ سبھا کے سابق رکن رام بھائی موکریا سے بھی رابطہ کیا۔ ان رہنماؤں نے ہماری بات سنی، معاملے کو سمجھا اور پھر سفارش کے خطوط دے کر ہماری درخواست دہلی میں وزارتِ داخلہ تک پہنچانے میں مدد کی۔‘
بی بی سی گجراتی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر پرشوتَم روپالا نے کہا کہ ڈولی اس وقت کسی بھی ملک کی شہری تسلیم نہیں کی جا رہی تھیں اور ان کے خیال میں ان کا مقدمہ جائز تھا۔ اسی لیے انھوں نے وزارتِ داخلہ سے سفارش کی کہ ڈولی کو انڈین شہریت دی جائے۔
رونک وڈالیا کے مطابق ارکانِ پارلیمان کی سفارش کے بعد دہلی میں حکام نے مشورہ دیا کہ ڈولی انڈیا کی حکومت کو درخواست دیں اور موزمبیق میں واقع انڈین قونصل خانے سے اپنی پیدائش کا اندراج تاخیر کے باوجود کروانے کی اجازت مانگیں۔
اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے ڈولی نے انڈین حکومتِ کو درخواست دی۔ بعد ازاں وزارتِ خارجہ نے موزمبیق میں انڈین قونصل خانے کو ہدایت جاری کی کہ تاخیر کے باوجود ڈولی کی پیدائش کا اندراج کیا جائے۔
رونک وڈالیا کے مطابق ’اس حکم کے بعد قونصل خانے نے تاخیر کو نظرانداز کرتے ہوئے ڈولی کی پیدائش کا اندراج کر لیا اور اس کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ جب ہم نے یہ سرٹیفکیٹ پاسپورٹ حکام کو پیش کیا تو انھوں نے ڈولی کی پاسپورٹ درخواست قبول کر لی۔‘
یوں برسوں کی جدوجہد کے بعد پہلی بار ڈولی وڈالیا کے لیے مسئلے کے حل کی راہ کھلی ہے۔ پیدائش کے اندراج کا سرٹیفکیٹ ملنے اور پاسپورٹ درخواست قبول ہونے کے بعد انھیں امید ہے کہ وہ اپنی قانونی حیثیت واضح کر سکیں گی اور بالآخر اپنے شوہر کے ساتھ کینیڈا جا سکیں گی۔
ڈولی وڈالیہ اپنا پاسپورٹ رمیش دھاڈوک کو دکھا رہی ہیں، جبکہ ان کے والدین اور سسرالی رشتہ دار بھی موجود ہیں۔ڈولی وڈالیا بتاتی ہیں کہ دیوالی کے دنوں میں انھیں ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں اطلاع دی گئی تھی کہ ان کی پاسپورٹ درخواست منظور کر لی گئی ہے۔
وہ کہتی ہیں:
"مجھے پیغام ملا کہ 11 نومبر کو ڈاکیا میرے گھر پاسپورٹ پہنچا دے گا۔ میں اُس دن صبح سے ہی اس کا انتظار کر رہی تھی۔ مجھے بہت فکر تھی کہ واقعی پاسپورٹ آئے گا یا نہیں، کیونکہ میری کئی کوششیں پہلے ناکام ہو چکی تھیں۔"
ڈولی کے مطابق وہ اس قدر ذہنی دباؤ کا شکار تھیں کہ انھوں نے گھر والوں سے کہا کہ جب تک پاسپورٹ نہ آ جائے انھیں نہ بلایا جائے۔
وہ کہتی ہیں ’آخرکار ڈاکیا ہمارے گھر آیا اور اس نے میرے ہاتھ میں ایک پیلا لفافہ دیا جس پر میرا پتہ درج تھا۔‘
’جب میں نے لفافہ کھولا تو اس میں واقعی میرے نام کا انڈین پاسپورٹ موجود تھا۔ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ یہ واقعی میرا پاسپورٹ ہے۔‘
ڈولی کا کہنا ہے کہ \اس پاسپورٹ نے مجھے ایک سٹیٹ لیس شخص سے انڈین شہری بنا دیا۔‘
اب وہ اپنے شوہر کے پاس کینیڈا جانے کی منتظر ہیں۔
ان کے بقول ’اب مجھے پاسپورٹ مل گیا ہے، اس لیے ہم کینیڈا کا ویزا حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ میں جلد ہی اپنے شوہر کے پاس کینیڈا جا سکوں گی۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔