بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں دو سگے بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بیویوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد ان کی لاشیں قریبی ضلع کے جنگلات میں دفنا دیں، جنہیں پولیس نے تفتیش کے بعد حراست میں لے لیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے شیو شنکر ساہو اور اس کے بھائی نوین ساہو اپنی اہلیہ 28 سالہ منی پریا اور 20 سالہ رادھیکا کماری کے درمیان چلنے والے گھریلو اختلافات کی وجہ سے شدید برہم تھے، حالانکہ اس افسوسناک واقعے سے محض دو دن قبل ہی دونوں خواتین کے درمیان صلح ہوچکی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ پیشے کے اعتبار سے ایمبولینس ڈرائیور شیو شنکر ساہو نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر پیر کے روز دونوں خواتین کو قتل کیا اور بعد ازاں لاشوں کو ایمبولینس میں منتقل کر کے پڑوسی ضلع کے جنگل میں لے جا کر مٹی تلے دبا دیا۔
ابتدائی طور پر دونوں ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیویاں بغیر کسی اطلاع کے گھر سے کہیں چلی گئی ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے کی جانے والی سخت پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر جنگل سے کھدائی کر کے دونوں خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کے عمل کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جھارکھنڈ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ خواتین کے میکے والوں کا پیر کی صبح لگ بھگ 9 بجے ان سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا اور اس وقت تک گھر کے حالات بالکل نارمل تھے۔