آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبان ہندوستان
ٹیم نے زخمی یوراج سنگھ کی جگہ منیش پانڈے کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
یوراج سنگھ آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں بیٹنگ کے دوران ٹخنے پر گیند لگنے
سے زخمی ہوگئے تھے تاہم ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان
نے اس میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی
کر لیا تھا۔
یوراج سنگھ نے ہندوستان کو 2007 کے اولین ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں چمپیئن بننے
میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
منیش پانڈے انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں سنچری داغنے والے ہندوستان
کے پہلے بلے باز ہیں تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیمی فائنل کے لیے ٹیم میں ان
کی شمولیت اجانکیا راہانے کی موجودگی میں دلچسپ ہوگی۔
ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا سیمی فائنل
جمعرات کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔