(ویب ڈیسک)فیس بک نے اپنے صارفین کے لیے 3 نئے بہت بڑے فیچرز متعارف
کرانے کی تیاری کرلی۔
جی ہاں آپ بہت جلد فیس بک پر میوزک، سلائیڈ شوز اور جی آئی ایف وغیرہ
بھی پوسٹ کرسکیں گے کم از کم موبائل ایپ پر تو ایسا ممکن ہوگا۔
اس بات کا انکشاف گزشتہ دنوں فیس بک کے بانی مارک
زکربرگ کی ایک لائیو ویڈیو کے دوران ہوا۔
مارک زکربرگ نے فیس بک کے لائیو ویڈیو کے فیچر کو چلا کر دکھایا تھا جس
دوران ان کی موبائل ایپ پر 3 بٹن بھی نظر آئے جن سے ابھی دیگر صارفین
محروم ہیں۔
فیس بک کے بارے میں گزشتہ سال سے یہ خبریں گرم ہیں کہ وہ ایک میوزک
سروس تیار کر رہی ہے تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ مئی
2015 سے جی آئی ایف کو اسٹیٹس میں ڈالا تو جاسکتا ہے مگر اس کے لیے
کوئی بٹن نہیں بلکہ عام طور پر لنک کاپی پیسٹ کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح سلائیڈ شو کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ایسی پوسٹ ہوگی جس میں
کسی موضوع سے متعلق تصاویر کو سلائیڈ شو کے فارمیٹ میں پوسٹ کیا جاسکے
گا، مگر اس میں کچھ تبدیلی بھی ہوسکتی ہے یعنی حتمی طور پر جب یہ
متعارف ہوگا تو ہی معلوم ہوسکے گا۔
فیس بک اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ایپ سے جوڑے رکھنے کے لیے اکثر
نت نئی تبدیلیاں کرتی رہتی ہے اور یہ فیچرز بھی اسی سلسلے کا حصہ لگتے
ہیں۔
فیس بک نے بھی تصدیق کی ہے کہ موبائل ایپ کے انٹرفیس کو ری ڈیزائن کیا
جارہا ہے تاکہ لوگوں کو شیئرنگ کا زیادہ بہتر تجربہ حاصل ہوسکے۔
فیس بک کے مطابق اس ڈیزائن میں تبدیلی کے مطابق جب آپ ‘What’s on your
mind?’ پر کلک کریں گے تو مختلف چیزوں پر مشتمل ایک مینیو کھل جائے گا
جس میں پرانے آپشنز جیسے فوٹوز، ویڈیوز، فیلنگز یا چیک ان ٹو اے پلیس
وغیرہ بھی موجود ہوں گے۔