پاکستان میں رشتہ دار نہیں میرٹ آگے آئے گا

ویب ڈیسک — 

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا ہے کہ وہ پاکستان میں میرٹ کا نظام لے کر آ رہے ہیں، جہاں لوگوں کو ان کی قابلیت کی بنا پر آگے لایا جائے نہ کہ ملک کے سربراہ کے راشتہ داروں اور دوستوں کو اہم عہدوں پر فائز کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اشرافیہ کا نظام چلتا رہا ہے اور ایسے لوگ سربراہ بنتے رہے ہیں جنہیں فوجی ڈکٹیٹرز نے چنا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشرافیہ ٹیلنٹ کو اوپر نہیں آنے دیتی۔

عمران خان کا یہ بطور وزیرِ اعظم پہلا امریکی دورہ ہے۔ امریکہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ایرینا میں امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے عمران خان کے اس خطاب کا انعقاد کیا تھا۔ عمران خان کے اس خطاب کو سننے کے لیے کینڈا میں بسنے والے پاکستانی بھی امریکہ آئے۔

بیرونی سرمایہ کاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بے شمار معدنیات ہیں جن سے ملک میں توانائی کی کمی اور غربت کا خاتمہ ہو سکتا ہے، لیکن کرپشن کی وجہ سے غیرملکی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ کاروبار نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ دنیا کی ہر کمپنی ایک بات کرتی ہے کہ پاکستان میں رشوت مانگی جاتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت نے اداروں کو آزاد کیا ہے، نیب اور ایف آئی اے آزادی سے کام کر رہے ہیں۔ اور کہا کہ اپوزیشن ہر بات پر کہتی ہے کہ یہ گرفتاریاں عمران خان کے کہنے پر ہو رہی ہیں جبکہ یہ تمام کیسز پہلے کی حکومتوں میں بنائے گئے۔

تعلیم پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام سکولوں میں ایک سلیبس لا رہے ہیں۔ برابری کا سسٹم تب آئے گا جب ہر اسٹوڈنٹ کو یکسیاں تعلیمی مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں موجود تین قسم کے تعلیمی نظام ختم کریں گے اور سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر کریں گے۔

کیپیٹل ایرینا کے باہر تحریک انصاف کے حامیوں اور عمران خان کی آمد پر احتجاج کرنے والوں کے درمیاں نعرے بازی کا مظاہرہ ہوا۔ بعض مظاہرین نے پشتون تحفظ موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ کی رہائی کے مطالبے کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔

یہ تقریب واشنگٹن ڈی سی کے مشہور کیپٹل ون ایرینا میں ہوئی۔ اس ایرینا میں 20,000 لوگوں کی گنجائش ہے اور منتظمین کا کہنا ہے کہ 19,000 پاکستانی امریکیوں نے پہلے ہی شرکت کیلئے رجسٹریشن کرا لی تھی۔ یہ ایرینا لوگوں سے تقریباً بھرا ہوا تھا۔

اس جلسے میں بہت پرجوش مناظر دیکھے گئے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں اس سے پہلے کسی غیر ملکی سربراہ نے اس طرح کا اتنا بڑا جلسہ نہیں کیا۔

یہ سٹوری اپڈیٹ ہو رہی ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.