مظفر آباد میں کل بڑا جلسہ ہو گا‘ اہل کشمیر کو بتانا ہے ان کے ساتھ کھڑے ہیں: عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم سے وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور پولیس اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پنجاب حکومت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی نے پولیس اصلاحات سے متعلق وزیراعظم آگاہ کیا۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور خیبر پی کے میں خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم کو مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد منصوبے پر کام اس سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ قائد اعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ مارچ 2020ء تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ رشاکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبہ پنجاب کے اضلاع میں مختلف مقامات پر نئے بزنس زونز کے قیام سے لاکھوں نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس اینڈ ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز پیش کی گئی، خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم کو پنجاب میں مختلف شعبوں کے لئے خصوصی زونز مثلاً ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت پیدا ہوگی۔ معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ عمران خان کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال شرکاء کو صوبہ خیبر پی کے اور پنجاب میں متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر تفصیلی بریفنگ دی، عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی، ماضی کے مقابلے میں نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا بلکہ ان فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے محاصرے کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کردیا۔ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ میں جمعہ 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کروں گا۔انہوں نے لکھا کہ جلسے کا مقصد غاصب بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے جاری محاصرے کے بارے میں دنیا کو پیغام بھجوانا ہے اور اہل کشمیر کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.