پاکستان بھر میں سونے کے نرخوں میں مسلسل تیزی سے اِضافہ ہونے لگا، فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کا ریکارڈ اِضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل پاکستان مینوفیکچررز ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 13 ہزار 750 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1329 روپے اضافے کے بعد 97 ہزار 522 روپے تک جا پہنچی ہے۔
چیئرمین آل پاکستان مینوفیکچررز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 16 ڈالر اضافے کے بعد 1916 ڈالر فی اونس پر ٹریڈنگ ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قدر میں 700 روپے فی تولہ اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 12 ہزار 500 روپے ہوگئی تھی، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 600 روپے اضافے سے 96 ہزار 450 روپے ہوگئی تھی۔