پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے روکنی پڑ گئی

image

امریکی صدرٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کے بعد مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں بہتری آنی شروع ہوگئی ہے جس کے پیش نظر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا ہے اور ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سےحصص خریداری میں زبردست گرمجوشی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

تیزی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 5878 پوائنٹس کے اضافے سےایک لاکھ 22 ہزار 45 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا، انڈیکس میں 5 فیصد اضافے کے بعد قانون کے مطابق ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئی۔

واضح رہے کہ انڈیکس 5 فیصد بڑھنے یا کم ہونے کی صورت میں ٹریڈنگ روک دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پیر کو ایران پر امریکی حملے کے بعد خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3855 پوائنٹس گر گئے تھے۔ پیر کی مندی کے بعد منگل کو صورتحال یکسر تبدیل نظر آرہی ہے۔

ایک گھنٹے کے عارضی تعطل کے بعد ٹریڈنگ بحال ہوئی تو تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 6079 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 246 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔ عارف حبیب سیکیورٹیز کے مطابق منگل کو ملکی تاریخی کی کسی بھی ایک ٹریڈنگ سیشن میں پوائنٹس کے لحاظ سے دوسری بڑی تیزی ریکارڈ کی گئی، اس سے قبل رواں سال 12 مئی کو کے ایس ای 100 ا نڈیکس میں 10 ہزار 123 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔


About the Author:

مزید خبریں
خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.