کورونا کا بڑھتا خطرہ! پاکستان کے کون سے بڑے شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا گیا؟

image

ملک میں دن بدن کورونا کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، اسی خطرے کے پیشِ نظر حکومت نے ملک کے بڑے شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے سبب پنجاب حکومت نے لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اسمارٹ لاک ڈاؤن 19 نومبر تک جاری رہے گا۔ لاہور میں نیو مسلم ٹاؤن سی بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن کے رضا بلاک، سکندر بلاک اور عمر بلاک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ گارڈن ٹاؤن، کیولری گراؤنڈ، ڈی ایچ اے،اے ون بلاک، ایچ بی ایف سی بلاک بی، ڈی ایچ اے فیز 6 کے سیکٹر اے اور ایل میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ عسکری 11، انار کلی، مزنگ، شادمان اور گلشن راوی بھی ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دیے گئے ہیں۔

راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن یونیورسٹی، نیولالہ زار، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کہوٹہ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور عباسی آباد کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

ملتان کی بات کی جائے تو شہر میں نقش آباد کالونی،گلگشت کالونی کھیرا آباد، مپکو کالونی، خواجہ آباد، ملتان کچہری اور سادات کالونی کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس، مارکیٹس، نجی اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ عوامی اجتماعات اور لوگوں کی آمد و رفت پر بھی پابندی ہوگی۔

تاہم میڈیکل سروسز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں، کلیکشن پوائنٹس، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

لاک ڈاؤن والے علاقوں میں دودھ دہی کی دوکانیں، چکن اور گوشت کی شاپس، بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ گروسری اسٹور، فروٹ اور سبزی کی دکانیں، تندور اور پیٹرول پمپس صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کھل سکیں گے۔


About the Author:

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.