انڈیا: ویکسین تیار کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے انسٹی ٹیوٹ میں آگ، پانچ ہلاک

دنیا میں ویکسین بنانے والے سب سے بڑے ادارے انڈیا کے سیرم انسٹی ٹیوٹ میں جمعرات کو اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 

سیرم انسٹی ٹیوٹ کے ایک ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ 'اس سے کوویڈ 19 ویکسین کی پیداوار متاثر نہیں ہو گی۔'

انڈیا کا سیرم انسٹی ٹیوٹ ایسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کی لاکھوں خوراکیں تیار کر رہا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ کے ذرائع کے مطابق آگ زیر تعمیر ایک نئے پلانٹ میں لگی ہے۔

پونے شہر کے میئر مرلی دھر موہل نے پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ٹیلی ویژن چینلز نے مغربی انڈیا کے علاقے پونے میں سائٹ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائے۔

مقامی فائر سٹیشن کے ایک عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’آگ بجھانے والی چھ یا سات گاڑیاں اس جگہ پر پہنچ گئی ہیں۔‘

عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس اس بات کی معلومات نہیں ہیں کہ آیا آگ میں کوئی شخص پھنس گیا ہے۔‘

یاد رہے کہ جنوری میں انڈین ریگولیٹرز نے دو کورونا ویکیسنز کی منظوری دی، کوویشیلڈ، سیرم انسٹی ٹیوٹ نے تیار کی ہے جب کہ کووکسن کو مقامی انڈین فرم بھارت بائیوٹیک نے تیار کیا ہے۔

انڈیا نے سنیچر کو دنیا کی سب سے بڑی ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت جولائی تک 30 کروڑ افراد کو کوویشیلڈ اور کووکسن ویکیسن کی خوراکیں لگائی جائیں گی۔

سیرم انسٹی ٹیوٹ 20 کروڑ خوراکیں کوویکس کو بھی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دیگر بہت سے ممالک ویکسین کی فراہمی کے لیے انڈیا کے سیرم انسٹی ٹیوٹ پر انحصار کر رہے ہیں۔

انڈیا نے بدھ کو بھوٹان اور مالدیپ کو ویکسین کی پہلی کھیپ برآمد کی تھی جبکہ بنگلہ دیش کو 20 لاکھ اور نیپال کو 10 لاکھ خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔

انڈیا نے اپنے جنوبی ایشیائی ہمسایہ ممالک کو کورونا ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس سے اگلے مرحلے میں لاطینی امریکہ، افریقہ اور وسطی ایشیا کے ممالک کو ویکسین برآمد کی جائے گی۔

سیرم انسٹی ٹیوٹ حجم کے لحاظ سے دنیا میں ویکسین تیار کرنے کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ یہ ادارہ 20 کروڑ خوراکیں کوویکس کو بھی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جو عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے غریب ممالک میں تقسیم کی جائیں گی۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

63