ڈاؤ یونیورسٹی نےپہلے تینوں پی سمرا تحقیقی ایوارڈ جیت لیے

image

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے اوجھا اسپتال سے وابستہ نوجوان ڈاکٹروں نے پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ریسرچ ایوارڈ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پہلے تین پسمرا ایوارڈ جیت لیے ہیں۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈاکٹروں نے کرونا کے علاج اور بچاؤ میں وٹامن ڈی کے کردار، ٹی بی اور آئی سی یو میں داخل کرونا کے مریضوں پر کی گئی تحقیق پر پہلے تینوں ایوارڈ حاصل کیے۔

پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ریسرچ ایوارڈ کی تقریب اتوار کے روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد صہیب اصغر کو پہلے، ڈاکٹر صدف احمد کو دوسرے اور ڈاکٹر رابیل یاسین کو تیسرے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے تینوں ڈاکٹروں کو غیرمعمولی تحقیق کرنے پر بالترتیب 2لاکھ ایک لاکھ اور 75 ہزار روپے کے کیش انعام سے بھی نوازا گیا۔

یا پی سمرا ایوارڈز کا اجرا پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن نے ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ اور مقامی دواساز کمپنی کے فارم ایوو کے اشتراک سے کیا ہے۔ ایوارڈ کے لیے ملک بھر کے 26 ڈاکٹروں نے اپنے تحقیقی مقالے جمع کرائے تھے جس میں سے 10 شارٹ لسٹ کیے گئے اور اس کے بعد پاکستان بھر کے نامور ڈاکٹروں پر مشتمل جیوری نے ڈاؤ یونیورسٹی سے وابستہ تین نوجوان تحقیق کاروں کے ریسرچ پیپرز کو بہترین قرار دیتے ہوئے ایوارڈز کا حقدار قرار دیا۔

پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ریسرچ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اب پاکستان کے نوجوان ڈاکٹر اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ تحقیق میں بھی مصروف ہیں، پاکستان کے نوجوان ڈاکٹروں اور طلبہ میں بڑی صلاحیتیں پوشیدہ ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے ماہرین کی تیار کردہ ادویات اور طریقہ علاج پوری دنیا میں اپنائے جائیں گے۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈاکٹروں کو پہلے تینوں ایوارڈز اور انعام حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ان ایوارڈز کے اجرا کے بعد پاکستان کے تمام اسپتالوں اور یونیورسٹیوں سے وابستہ ڈاکٹر میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوگا اور ایسی تحقیقات سامنے آئیں گی جس کے نتیجے میں انسانیت کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے گی۔

پاکستان کے نامور ماہر امراض ذیابطیس اور ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں مختلف بیماریوں پر تحقیق کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ اور فارم ایوو ریسرچ فورم نے اب تک ملک بھر میں تحقیق اور ریسرچ کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جن میں پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے ساتھ مل کر ایوارڈز کا اجرا اور نوجوان تحقیق کاروں کو کیش انعامات دینے کا سلسلہ بھی شامل ہے۔

دوسری جانب ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے ڈاؤ یونیورسٹی کے نوجوان ڈاکٹروں کی جانب سے پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ریسرچ حاصل کرنے پر ان کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں ہونے والی ریسرچ کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے اور عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ساتھ دیگر بین الاقوامی ادارے ڈاؤ یونیورسٹی کی ریسرچ سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے ان سے رابطے میں ہیں۔


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

44