ابراہیم رئیسی نے ایران کے نئے صدر کا حلف اٹھا لیا

image

ویب ڈیسک — ایران کے کٹر قدامت پسند سابقہ جج ابراہیم رئیسی نے جون میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے بعد جمعرات کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

جون کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم رہی تھی، جب کہ مقابلے میں حصہ لینے کے خواہش مند متعدد اہم امیدواروں کو پہلے ہی نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

رئیسی نے اپنا حلف اٹھاتے ہوئے کہا، "میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری مذہب اور انتظامیہ اور آئین کی حفاظت کا حلف اٹھاتا ہوں"۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں افغانستان کے صدر اشرف غنی، عراق کے صدر برھم صالح اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انرکی مورا بھی شامل تھے۔

حماس کے لیڈر اسماعیل ھانیہ اور حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

رئیسی نے ایک ایسے موقع پر ایران کی صدارت سنبھالی ہے جب ملک کو بڑے پیمانے پر اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے جن میں امریکہ کی عائد کردہ پابندیاں بھی شامل ہیں۔

رئیسی نے منگل کے روز اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ "امریکہ کی جانب سے لگائی گئی ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کی کوشش کریں گے" اور یہ کہ وہ "ملک کی معیشت کو غیرملکیوں کی خواہش کے تابع"بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے بدلے پابندیوں میں نرمی کے بین الاقوامی معاہدے سے نکلنے کے بعد اس پر 2018 کے شروع میں اس وقت پابندیاں لگا دیں تھیں۔

دونوں فریقوں کے درمیان نئے سمجھوتے کے ذریعے جوہری معاہدے پر عمل درآمد کی جانب لوٹنے سے متعلق بالواسطہ بات چیت ہو چکی ہے۔

ایران کو کرونا وائرس کی وبا کے شدید دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جہاں اس ہفتے ریکارڈ تعداد میں نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رئیسی کو 2019 میں ایران کے عدالتی نظام کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

اسی سال نومبر میں امریکہ نے 1988 میں ہزاروں سیاسی قیدیوں کو موت کی سزاؤں میں ملوث ہونے کی بنا پر ان پر پابندیاں لگا دی تھیں۔


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

104