سانپ کا نام سن کر ہی جسم کے رونگٹے کھڑے ہوجاتےہیں کیونکہ اس کے ایک بار ڈسنے سے طاقتور انسان بھی جان کی بازی ہار جاتا ہے۔ آج کل لوگوں نے اس جنگلی حیات کو گھروں میں پالنے رجحان پیدا کر رکھا ہے جو کہ کسی خطرے سے کم نہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو کہ بھارت کی ہے جس میں شخص کو سانپ نے ڈس لیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔
یہ افسوسناک اور عجیب و غریب واقعہ بھارتی شہر بہار میں پیش آیا جب رکشا بندھن کا تہوار منایا جا رہا تھا۔ مذکورہ شخص کا نام منموہن تھا جو سانپ کا شکار بنا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔منموہن سانپ کے جوڑے کو راکھی باندھنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوکھی راکھی باندھنے کی تقریب دیکھنے کے لیے گاؤں کے سب لوگ جمع ہوگئے تھے اور بہت سے لوگوں نے اپنے موبائل فونز پر سانپوں کو راکھی باندھنے کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔
جب منموہن ایک سانپ پر 'ٹکا' لگانے کی کوشش کر رہا تھا تو دوسرا سانپ آہستہ آہستہ رینگتا ہوا اس شخص کی جانب بڑھا اور اس کے پاؤں پر تیزی سے کاٹا۔ منموہن فوراً اپنے پاؤں کا معائنہ کرنے کے لیے اچانک کھڑا ہوا، لیکن چند منٹ کے لیے ٹھیک لگ رہا تھا۔ تاہم بعد میں اسے سانپ کے کاٹنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا اور علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منموہن نامی 25 سالہ نوجوان جو کہ سانپ کا دلدادہ تھا، اپنی بہنوں سے سانپ کے جوڑے کو راکھی بندھوانے کے لیے لے جا رہا تھا۔ تاہم اسے سانپ نے اچناک کاٹا ، اہلخانہ فوری طور پر منموہن کو اسپتال لے کر بھاگے مگر ڈاکٹرز اس کی جان نہ بچا سکے اور اسے مردہ قرار دے دیا۔